
نئی دہلی، 29جون(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال کی جانب سے بھگوان شری رام مندر کے چندے کی چور ی میں ملوث افراد کے سماجی بائیکاٹ کی اپیل کا اثر اب نظر آنے لگا ہے۔ رام بھکتوں نے چندہ چوروں کا سماجی بائیکاٹ شروع کر دیا ہے اور اس کی شروعات خود ایودھیا سے ہوئی ہے۔ ایودھیا بار ایسوسی ایشن نے نہ صرف چندہ چوروں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ان افراد کے مقدمات بھی نہیں لڑے گی۔
اروند کجریوال نے ایودھیا بار ایسوسی ایشن کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ بار ایسوسی ایشن نے چندہ چوروں کا بائیکاٹ کیا ہے۔ میں نے چند دن پہلے ہی کہا تھا کہ سرکاربے شرمی کے ساتھ رام مندر کے چندہ چوروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ کئی چندہ چور تو خود سرکارکا حصہ ہیں اور سرکار انہیں بچانے میں مصروف ہے۔ اب پورے ملک کو چاہیے کہ چندہ چوروں اور ان کے معاونین کا سما جی بائیکاٹ کرے۔قابلِ ذکر ہے کہ رام مندر سے چندے کی مبینہ چوری سے دلبرداشتہ اروند کجریوال گزشتہ جمعہ کو ایودھیا گئے تھے، جہاں انہوں نے بھگوان شری رام کے درشن کیے اور دعا کی کہ چندہ چوری کرنے والے گناہ گاروں کو ان کے کیے کی سزا ملے۔
اس موقع پر انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ملک کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ چندہ چوروں کا سماجی بائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہا تھا کہ یہ لوگ چندہ چوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کریں گے، کیونکہ اوپر سے لے کر نیچے تک سب آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ اگر وزیر اعظم نریندر مودی جی چمپت رائے کے سامنے اتنے بے بس ہیں تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کون کس حد تک اس معاملے میں شامل ہے۔ تاہم میری سماج سے گزارش ہے کہ قانون اپنا کام کرے یا نہ کرے، ہم سب مل کر قانون سے اس کا کام کرائیں گے۔ بھگوان رام بھی ان لوگوں کو ان کے اعمال کی سزا دیں گے۔ اب پورے سماج کی ذمہ داری ہے کہ جتنے بھی چندہ چور، ان کے معاون یا حامی ہیں، ان سب کا سماجی بائیکاٹ شروع کیا جائے، ورنہ آپ بھی اس گناہ میں برابر کے شریک سمجھے جائیں گے۔
No Comments: