
نئی دہلی،22ستمبر (میرا وطن نیوز)
القاضی اردواکیڈمی اینڈ کوچنگ ٹرسٹ کی بانی وصدرایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی کواردو زبان کے فروغ کے لیے خصوصی تعاون پربھارت ایکسپریس نیوزنیٹ ورک کی جانب سے خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹرمیں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے اشترا ک سے منعقدہ ’بزم صحافت‘ میں سہارنپور کے رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے سینئر لیڈر عمران مسعود، بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ترجمان آلوک وَتس اور بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان کے ہاتھوں ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی کو مومنٹو پیش کرکے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر اردو صحافت، ادب، سیاست اور سماجی شعبے سے وابستہ متعدد اہم شخصیات موجود تھیں۔
اعزاز سے نوازے جانے پر ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نے بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان، ادب اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنا ان کے لیے اعزازکی بات ہے۔ بزم صحافت اردو کانکلیو جیسے باوقار پروگرام میں ان کی خدمات کا اعتراف اور حوصلہ افزائی اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہے کہ وہ اردو زبان اور نئی نسل کی تعلیمی و ادبی تربیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔
انہوں نے بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک اور کانکلیو کی پوری ٹیم کو کامیاب انعقاد پر مبارک باد بھی پیش کی۔ آپ کو بتادیں کہ ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی اردو زبان کے فروغ کے لیے مختلف سطح پر کام کررہی ہیں۔ غریب بچوں کو تعلیم دلانا، اس کا بندوبست کرنا اوران کی ضروریات کو پورا کرنا اپنا نصب العین سمجھتی ہیں۔ دہلی، مغربی یوپی اور ہریانہ کے میوات جیسے علاقوں میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے کے لیے سرگرم رہتی ہیں۔ ساتھ ہی اردو سے متعلق تمام پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔
No Comments: