
نئی دہلی، 29جون(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کی دہلی سرکار کے محکمہ صحت میں 650کروڑ روپے کے مبینہ گھوٹالے کی پرتیں کھولتے ہوئے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ میگا گھوٹالا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا۔ پہلے اسپتالوں سے خریداری کے اختیارات واپس لے کر سینٹرل پروکیور منٹ ایجنسی (سی پی اے)کو منتقل کیے گئے، پھر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈاکٹر وتسلا اگروا ل کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) مقرر کیا گیا۔
آپ کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی سرکارکے 16ماہ کی سب سے بڑی ’ کامیابی‘یہی 650کروڑ روپے کا گھوٹالا ہے۔ ان کے مطابق 10لاکھ روپے مالیت کی پورٹیبل ایکسر ے مشین 33 لاکھ روپے میں خریدی گئی، جبکہ 45کروڑ روپے میں آنے والی 448مشینوں کے لیے 148کروڑ روپے ادا کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 25لاکھ روپے مالیت کا سی آرم ریڈیولوجیکل آلات ایک کروڑ 10لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ اسی طرح تقریباً 50لاکھ او آر ایس کے پیکٹ خرید ے گئے، جن کی بازار میں قیمت تقریباً ڈھائی روپے فی پیکٹ ہے، مگر سرکارنے 15روپے فی پیکٹ کے حساب سے ادائیگی کی۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ 27برس بعد دہلی میں اقتدار میں آنے والی ای ڈی پارٹی (بی جے پی) اور ریکھا گپتا سرکارنے اپنے محض 16ماہ کے دورِ حکومت میں محکمہ صحت میں ادویات اور طبی آلات کی خریداری کے نام پر 650کروڑ روپے کا گھوٹالا کیا ہے۔
No Comments: