
نئی دہلی، 13 ستمبر (میرا وطن نیوز )
دہلی میونسپل کارپوریشن نے راجدھانی کے تمام 12 زونز میں خطرناک عمارتوں، غیر مجاز تعمیرات اور دہلی ماسٹر پلان و تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی نفاذی مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔اتوا ر کو چلائی گئی مہم کے حصے کے طور پر ایم سی ڈی کے 12 زونز میں 11 مقامات پر مسماری کی کارروائیاں کی گئیں۔ اس کے علاوہ، دہلی ماسٹر پلان اور تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی پر 4 املاک کو سیل کر دیا گیا۔
ایم سی ڈی نے گزشتہ روز بھی نفاذی کارروائیاں کی تھیں، جن کے دوران دہلی ماسٹر پلان اور تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی پر 33 املاک کو مسمار اور پانچ دیگر کو سیل کیا گیا تھا۔آج مہم کے دوران بجواسن (ساﺅتھ زون)، دلشاد کالونی اور دلشاد گارڈن (نارتھ ایسٹ زون) اور سٹی پہاڑ گنج زون کے مختلف علاقوں میں مسماری کی کارروائیاں کی گئیں۔ دریں اثنا، مشرقی زون اور پرانی دہلی زون میں سیلنگ کی کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔
اپنی جاری نفاذی مہم کے حصے کے طور پر ایم سی ڈی دہلی بھر میں ‘پےئنگ گیسٹ’ (پی جی) رہائشی عمارتو ں کا ایک جامع فیلڈ سروے بھی کر رہی ہے، جس کا مقصد ایک تفصیلی ڈیٹا بیس تیار کرنا اور مزید کارروائی کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ہے۔ جاری سروے کے ذریعے اب تک تقریباً 2,114 ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو پی جی سہولیات کے طور پر چل رہی ہیں۔
ایم سی ڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہلی کے تمام 12 زونز میں غیر مجاز تعمیرات، خطرناک عمارتو ں اور قابلِ اطلاق تعمیراتی ضوابط کی دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف سخت نفاذی کارروائی جاری رہے گی۔
No Comments: