
نئی دہلی، 15 اپریل(میرا وطن نیوز )
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی جغرافیائی سیاسی حالات کے باوجودراجدھانی میں ایل پی جی، پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی مکمل طور پر معمول، مستحکم اور مناسب ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہلی بھر کی تمام گیس ایجنسیوں اور بوتلنگ پلانٹس پر ایل پی جی سلنڈروں کا کافی ذخیرہ دستیاب ہے اور مختلف سپلائی چینلز کے ذریعے بلا تعطل تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ فی الحال، تقریباً 1.25 لاکھ ایل پی جی سلنڈر یومیہ ڈیلیور کیے جا رہے ہیں- یہ اعداد و شمار عام مانگ کے مطابق ہے- جبکہ ترسیل کا اوسط وقت 4 سے 5 دن کے درمیان رہتا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بتایا کہ آج تک540 سے زیادہ چھاپے مارے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں 2,027 سے زیادہ سلنڈر ضبط کیے گئے ہیں اور 44 ایف آئی آر درج کیے گئے ہیں۔ صارفین کی شکایا ت کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کے لیے وکاس بھون میں محکمہ خوراک اور شہری سپلائی کے اندر ایک مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے صارفین سے افواہوں کو نظر انداز کرنے، خوف و ہراس پھیلانے یا غیر ضروری ذخیرہ اندو زی سے گریز کرنے اور سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر مکمل انحصار کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں ایل پی جی، پیٹرول اور ڈیزل کی وافر مقدار میں سپلائی موجود ہے اور کسی بھی طرح کی قلت کی کوئی صورتحال نہیں ہے۔
No Comments: