قومی خبریں

خواتین

بنگلہ دیش میں پھر تشدد۔ 32 ہلاک،متعدد زخمی

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور اسٹن گرنیڈ کا استعمال کیا

ڈھاکہ: پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے ایک بار پھر تشدد کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں اتوار کو ہونے والے تشدد میں 32 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ طلباء مظاہرین، پولیس اور حکمران جماعت کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ہزاروں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور اسٹن گرنیڈ کا استعمال کیا۔ حکومت نے اتوار کی شام 6 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو کا اعلان کر دیا، گزشتہ ماہ احتجاج شروع ہونے کے بعد پہلی بار حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں طالب علم سرکاری ملازمتوں کے لیے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں۔ طلباء کی اس تحریک میں پہلے بھی تشدد بھڑک اٹھا تھا اور اب تک ملک بھر میں کم از کم 200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ راجدھانی ڈھاکہ احتجاج کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو مظاہرین کا ایک ہجوم لاٹھی وغیرہ اٹھائے وہاں پہنچا تھا۔ جب یہ ہجوم ڈھاکہ کے وسط میں واقع شاہ باغ چوراہے پر جمع ہوا تو پولیس اور مشتعل افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اس کے علاوہ کئی مقامات اور بڑے شہروں میں سڑکوں پر مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مظاہرین نے اہم شاہراہیں بلاک کر دیں۔ اس تصادم میں پولیس کے ساتھ حکمران عوامی لیگ کے حامی بھی تھے، جن سے مظاہرین آمنے سامنے آ گئے۔
مظاہرین میں طلباء کے ساتھ ساتھ کچھ گروپس بھی شامل ہیں جنہیں حزب اختلاف کی بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ مظاہرین نے ٹیکس اور بل ادا نہ کرنے اور اتوار کو کام پر نہ جانے کی بھی اپیل کی ہے۔ مظاہرین نے اتوار کے روز بھی کھلے دفاتر اور اداروں پر حملہ کیا، جس میں ڈھاکہ کے شاہ باغ علاقے میں ایک ہسپتال، بنگ بندھو شیخ مجیب میڈیکل یونیورسٹی بھی شامل ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈھاکہ کے علاقے اترا میں کچھ دیسی ساختہ بموں کے دھماکے ہوئے اور گولیوں کی آوازیں سنی گئیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *