بھوپال: مدھیہ پردیش کے ساگر میں اتوار کو ایک مندر کے قریب دیوار منہدم ہونے سے پیش آنے والے دلخراش حادثہ میں کم از کم 9 بچوں کی موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق فوت ہونے والے بچوں کی عمر 9 سے 19 سال کے درمیان ہے۔ اس حادثہ کے دوران 4 بچے زخمی بھی ہوئے ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ یہ واقعہ راہلی اسمبلی حلقہ کے سانودھا تھانہ علاقے میں پیش اس وقت پیش آیا جب شاہ پور کے ہردول مندر میں بھاگوت کتھا کا پاٹھ اور بچوں کا مٹی کے شیولنگ بنانے کا مقابلہ جاری تھا۔
رپورٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے شیولنگ بنانے کا مقابلہ جاری تھا اور اتوار کی چھٹی کے سبب کافی بچے اس میں حصہ لے رہے تھے۔ جس جگہ بچے بیٹھ کر شیولنگ بنا رہے تھے، وہیں، مندر کے احاطے کے ساتھ والی دیوار منہدم ہو گئی، جس میں کئی بچے دب گئے۔ لاشوں اور زخمی بچوں کو جے سی بی سے ملبہ ہٹا کر باہر نکالا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دیوار تقریباً 50 سال پرانی تھی۔ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی راہلی اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر گوپال بھارگو موقع پر پہنچ گئے۔ جبکہ انتظامی افسران اور پولیس عہدیدار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
No Comments: