
نئی دہلی ،18جولائی (میرا وطن نیوز )
عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ حضرت شیخ سلیم چشتیؒ کی درگاہ کے سجادہ نشین پیر زادہ رئیس میاں چشتیؒ کے وصال کے بعد درگاہ شریف میں تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ملک بھر سے مذہبی ،سیاسی ،سماجی ،روحانی اور صوفی شخصیات کے علاوہ ہزاروں عقیدت مند درگاہ پہنچ کر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں ۔درگاہ کا ماحول سوگ ،عقیدت اور دعاﺅں سے معمور ہے ،جہاں مرحوم کی دینی ،روحانی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا ئیں کی جا رہی ہیں ۔اس کے ساتھ ہی مرحوم کے فرزنداوردرگاہ کے سجادہ نشین پیر زادہ ارشد فریدی چشتیؒ کومسلسل تعزیتی پیغام موصول ہورہے ہیں ۔
اس موقع پر شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے سجادہ نشین درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتیؒ فتحپور سیکری آگرہ کو بھیجے پیغام میں کہا کہ مرحوم سجادہ نشین پیر زادہ رئیس میاں چشتیؒ کا انتقال دنیائے رو حا نیت کے لیے عظیم خلا ہے، وہ محبت اور شفقت کا پیکر تھے اور اس عاجز سے بہت محبت فرماتے تھے۔
مفتی مکرم نے کہا کہ مرحوم قو می اور سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہتے تھے، وہ ہزاروں عقیدتمندوں کا سہارا تھے۔اللہ تبارک و تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے۔ آمین۔ اور جملہ پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ درگاہ شریف کا فیض آپ کے ذریعہ عام فرمائے اور سب ہی معاملات میں غیبی نصرت عطا فرمائے۔ آمین۔
ادھر ڈاکٹر مہتاب عالم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صوفی روایات کے پیکراورانسانیت کے سچے خادم تھے پیرزادہ رئیس میاں چشتیؒ۔انہوں نے کہا کہ کرہ ارض پریوں توہرروزلاکھوں لوگ آتے او ر جاتے ہیں لیکن ان میں سے چند ہی ایسے ہوتے ہیں جو اپنی روشن تعلیمات،اخلاق حسنہ اورانسانیت کی خدمت کےسبب ہر دلعزیزبن جاتے ہیں۔
ڈاکٹر مہتاب عالم نے کہا کہ درگاہ حضرت سلیم چشتی فتح پورسکری کے سجادہ نشین پیرزا دہ رئیس میاں چشتی انہیں میں سے ایک تھے،جنہوں نے اپنی روشن تعلیمات سے ایک جہاں کومنو رکیاہے۔اللہ سے دعا ہے کہ پیرزادہ رئیس میاں چشتی کو اپنی جواررحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
No Comments: