
نئی دہلی، 7جولائی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے الزام لگایا ہے کہ مودی سرکار عوام پر ای20-پٹرول مسلط کرنے کے لیے نئے نئے حربے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکارنے ماروتی سوزوکی ، ٹویوٹا کرلوسکر اور ہیرو موٹوکارپ جیسی آٹو کمپنیوں سے یہ جھوٹ بلوایا کہ ای10-گاڑیوں میںای- 20پٹرول استعمال کرنے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا، جبکہ انہی کمپنیوں کے اونر مینول میں صاف لکھا ہے کہ 10فیصد سے زیادہ ایتھنول والا پٹرول استعمال نہیں کرنا چاہیے، اور اگر 10فیصد پر بھی گاڑی کی کارکردگی یا مائلیج متاثر ہو تو بغیر ایتھنول والا پٹرول استعمال کیا جائے۔ وہ تمام آٹو کمپنیوں کو خط لکھیں گے اور تحریری یقین دہانی مانگیں گے کہ اگر ای20- کے استعمال سے گاڑی کی مائلیج کم ہوتی ہے یا انجن، فیول سسٹم یا دیگر پرزے خراب ہوتے ہیں تو اس کا معاوضہ کمپنیاں ادا کریں گی۔ آئندہ ہفتے وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی خط لکھیں گے اور پوچھیں گے کہ اگر کسی گاڑی کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری سرکار لے گی یا کمپنی؟
منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دورا ن اروند کجریوال نے کہا کہ مرکزی سرکارپورے ملک پر زبردستی ای20- پٹرول نافذ کر رہی ہے۔ عوام اس کی شدید مخالفت کر رہے ہیں، مگر سرکار اپنی ضد پر قائم ہے۔ اس ضد کی وجہ معلوم نہیں، لیکن حکومت مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے۔ کبھی ایک وزیر بیان دیتا ہے تو کبھی دوسرا۔ عوام کو قائل کرنے کے لیے ہر روز نئے ہتھکنڈے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چھ کمپنیوں میں سے تین نے سرکار کا یہ مطالبہ مسترد کر دیا کیونکہ وہ اتنا بڑا جھوٹ بولنے کے لیے تیار نہیں تھیں، لیکن ماروتی سوزوکی، ٹویوٹا کرلوسکر اور ہیرو موٹوکارپ نے حکومت کے کہنے پر عوام کو گمراہ کیا۔
انہوں نے ان کمپنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صارفین کو دھوکہ نہ دیں۔ سرکاریں آتی جاتی رہتی ہیں، لیکن گاہک ہی اصل بادشاہ ہوتا ہے۔ اگر لوگوں نے ان کی گاڑیاں خریدنا چھوڑ دیں تو ان کے پاس کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بدھ کو وہ ان تینوں کمپنیوں کو خط لکھیں گے اور تحریری ضمانت مانگیں گے کہ اگر ای20-استعمال کرنے سے کسی گاڑی کی مائلیج 10فیصد سے زیادہ کم ہوتی ہے تو کیا کمپنی اس کا معاوضہ دے گی؟
No Comments: