
نئی دہلی، 12 جولائی(میرا وطن نیوز )
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ مرکزی سرکارنے راجدھانی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے اہم فیصلہ لیا ہے جس کے تحت دہلی سرکارکے 28 اہم سرمایہ پروجکٹس کو ’سرمایہ کاری کے لیے ریاستوں کے لیے خصوصی مدد‘(ایس اے ایس سی آئی ) اسکیم کے تحت منظوری دی گئی ہے۔ ان پرو جیکٹوں کی کل لاگت 1,647 کروڑ روپے ہے۔ مزید برآں، اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے کیپیٹل انویسٹمنٹ (کیپیکس) کو بڑھانے کے لیے دہلی سرکار کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے مرکز نے 756 کروڑ روپے کی اضافی ترغیب کی منظوری دی ہے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ یہ فیصلہ دہلی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس سے راجدھانی میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی اور شہری بہتر عوامی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایس اے ایس سی آئی اسکیم کے تحت منظور شدہ پرو جیکٹوں میں دہلی میٹرو سے متعلق پروجیکٹس، باراپلا ایلیویٹیڈ کوریڈور، کراول نگر فلائی اوور، ڈی ٹی سی ڈپوس میں ای وی چارجنگ اسٹیشن، اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کے دیگر اہم پروجیکٹس شامل ہیں ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو تقویت ملے گی جبکہ عوامی سہولیا ت میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔
No Comments: