
نئی دہلی، 27 جولائی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے پیر کو منعقدہ ایم سی ڈی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران ٹول ٹیکس ٹینڈر میں شامل500 کروڑ کے بدعنوانی کے اسکینڈل کے معاملے کو اٹھایا۔ آپ کے سینئر لیڈران اور ایم سی ڈی کے شریک انچارج پروین کمار اور پریتی ڈوگرا نے کمیٹی ممبر پروین کمار راجپوت اور رافعہ ماہرکے سا تھ ٹینڈر د ینے میں ملی بھگت کے تعلق سے بی جے پی پر حملہ بولا۔
اس موقع پرپروین کمار نے کہا کہ بی جے پی سرکارکو فوری طور پر ٹول ٹینڈر کو منسوخ کرنا چاہیے اور ایم سی ڈی کو زیادہ آمدنی حاصل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے کھلی بولیوں کو مدعو کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سات بولیاں موصول ہوئی تھیں، پھر بھی چار اعلیٰ ترین بولی بشمول 1,100 کروڑ کی بولی کو جان بوجھ کر مسترد کر دیا گیا۔ معاہدہ بی جے پی کے ساتھیوں کو جانے کو یقینی بنانے کے لیے ٹینڈر کے قوانین میں بھی تبدیلی کی گئی۔
پروین کمار نے کہا کہ قائد حزب اختلاف انکش نارنگ نے اس مسئلہ پر کمشنر کو پہلے ہی خط لکھا ہے، اس کے باوجود بی جے پی اپنی ضد پر قائم ہے۔ وہ صرف اور صرف اپنے ساتھیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے اس بولی اور ٹینڈر کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم اس ٹینڈر کو فوری طور پر منسوخ کرنے مطالبہ کرتے ہیں۔ایم سی ڈی کے لیے زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے کے لیے ایک کھلا ٹینڈر کا عمل کیا جانا چاہیے۔
No Comments: