
نئی دہلی،25جولائی (میرا وطن نیوز )
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیرپروفیسر سلیم انجینئر نے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امتحانی بے ضابطگیوں اور نیٹ پرچہ لیک تنازع کے تناظر میں احتسا ب کی جانب ایک دیر سے اٹھایا گیا اہم قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ استعفیٰ بہت پہلے آ جانا چاہیے تھا، تاہم موجودہ مرحلے پر بھی یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ ملک بھر کے طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات اور اعتراضات نہایت سنجیدہ نوعیت کے تھے۔
میڈیا کو جاری اپنے بیان میں پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا’جماعت اسلامی ہند مرکزی وزیرِ تعلیم کے استعفے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ملک کے امتحانی نظام سے متعلق بار بار سامنے آنے والے تنازعات کے پیش نظر یہ فیصلہ بہت پہلے کر لیا جانا چاہیے تھا۔ تاہم، یہ قدم ذمہ داری کا تعین کرنے اور عوام کا تعلیمی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کی جانب ایک اہم آغاز ہے۔ ہم جنریشن زی، طلبہ تنظیموں اور ملک بھر کے ان ہزاروں نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے احتساب کے مطالبے کے لیے پرا من احتجاج میں حصہ لیا۔
No Comments: