Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

نبی اکرم کی سیرت اور تعلیمات پوری دنیا کے لیے عظیم ترین اور شاندار نمونہ ہے: مولانا محب اللہ ندوی

نیو ہورائزن اسکول میں سیرت النبی ﷺ پر ایک پُروقار نورانی مجلس کا انعقاد

نئی دہلی، 25 اگست ( میرا وطن نیوز ) نیو ہورائزن اسکول میں جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقد کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس تقریبِ سعید میں ورلڈ ایجوکیشن ڈیولپمینٹ آرگنایزیشن کے صدر شبیہ احمد نے تقریب کے مہمانِ خصوصی مشہور اسلامی اسکالر مولانا محب اللہ ندوی کا تعارف کراتے ہوئے بتایاکہ یہ اسلامک دنیا کا ایک ایسا نام ہے جوکسی بھی طرح کی شناسائی کا محتاج نہیں ہے۔ موصوف ہمارے یہاں پہلے بھی ایک بار تشریف لا چکے ہیں اور اِس وقت ہماری پارلیمنٹ میں رامپور پارلیمانی حلقے سے مسلم طبقے کی نمائندگی کا کام کر رہے ہیں۔ یہ وہی حلقہ ہے جہاں سے پہلے وزیرِ تعلیمی مرحوم مولانا ابوالکلام آزادؔ نے اپنی خدمات انجام دیں تھیں۔مہمانِ خصوصی مولانا محب اللہ ندوی صاحب نے اپنے خطبے میں جلسے کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خدا نے انسان کے شعور کو بہتر بنانے کے لیے نبی (ﷺ) کو بھیجا ہے۔ تاکہ تمام انسان اُن کی زندگی سے سبق لیتے ہوئے اچھے راستے اور بُرے راستے میں بہتر تمیز کر سکیں۔ ہمارے نبی (ﷺ) اُس خاندان میں تشریف لائے جو اپنے اخلاق کے لیے جانا جاتا تھا۔ اِس کے باوجود ہمارے نبی نے چالیس سال تک عام لوگوں کی طرح اپنی زندگی بسر کی۔لیکن آپ کی صفات تمام انسانوں سے بالکل جُدا تھیں اسی لیے آپؑ کو صادق اور امین کے القاب سے پکارا گیا۔ میرے نزدیک یہ دو صفات ایسی ہیں اگر یہ انسان میں نہ ہوں تو وہ انسان مکمل نہیں ہو سکتا۔ بل آخر خدا نے نبی (ﷺ) کو پوری انسانیت کے لیے نمونہ بنا کر بھیجا اور اُن پر قرآن نازل فرماکر سب کی ہدایت کا ذریعہ بنایا۔ یہاں تک کہ خدا نے قرآن میں پہلی آیت اقرا نازل کر کے علم کی اہمیت کو واضح کر دیا۔ اِس لیے ہم سب کا فرض ہے کہ ہم نبی (ﷺ) کے بتائے ہوئے طریقے پر عمل کرتے ہوئے تعلیم کو پوری توجہ سے حاصل کریں اور اپنی زندگیوں کو مینارِ نور بنائیں۔اِس جلسے میں موجود صدر شبیہ احمد، جنرل سیکریٹری سلطان اقبال چودھری، اسکول کے منیجر پروفیسر محمد نقی اور پرنسپل محترمہ سمیرا خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کرتے ہوئے شال اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس کے بعدبالترتیب طلبا نے حمد، نعت اور دیگر پروگرام کے ذریعے حضرت محمدؐ کی تعلیمات کی روشنی میں بڑوں کا ادب اور چھوٹوں کا احترام سمجھانے کی کوشش کی اوراسکول کے ننھے منھے بچوں نے مختصر احادیث مبارکہ کا حسین گلدستہ پیش کر کے حاضرین مجلس کو خوب خوب محظوظ کیا۔کیونکہ مذہبِ اسلام اور ہمارے پیارے نبی (ﷺ) کی تعلیمات اچھے اخلاق اور اچھے معاملات پھیلانے کا پیغام دیتی ہیں۔ نیز بنی کی تعلیمات اور مذہبِ اسلام محبت، ایثار اور اخلاق کا نام ہے۔ اس لیے ہم کو بلاتفریق تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ پروگرام کے آخر میں اسکول پرنسپل محترمہ سمیرا خان نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ جلسہء سیرت النبی (ﷺ) مہمانِ خصوصی کی جامع اور مختصر دعا ء پر اپنے اختتام کو پہنچا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *