
نئی دہلی، 16 جولائی (میرا وطن نیوز)
دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی سرکار کودہلی کے جنتر منتر پر 19 دنوں سے بھوک ہڑتال پربیٹھے سونم وانگچک کی صحت کی نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ ہر شخص کی جان قیمتی ہے، اس لیے اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔ عدالت نے سرکار سے یہ بھی کہا کہ سونم وانگچک کی صحت کا روزانہ سرکاری ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا جائے۔
ہائی کورٹ نے یہ ریمارکس سونم وانگچک سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیے جو 19 دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ سماعت کے دوران، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکزی سرکارکی نما ئند گی کرتے ہوئے، عدالت کو یقین دلایا کہ سونم وانگچک کی صحت کی ماہرین اور ڈاکٹر روزانہ نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مشورے کی بنیاد پر سرکار ان کی جان بچانے کے لیے جو بھی اقدام اٹھانا پڑے وہ اٹھائے گی۔
یہ درخواست وکیل راکیش کمار سینی نے دائر کی تھی۔ 15 جولائی کو ہونے والی سماعت کے دوران سینی نے کہا کہ انسانی حقوق کارکن اپنے احتجاج کے حق کو استعمال کرنے کے لیے پوری قوم کے سامنے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا کہ مرکزی اور دہلی سرکاروںکو سونم وانگچک کو اسپتا ل لے جانے اور کھانا کھلانے کی ہدایت دی جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سونم وانگچک کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ بھوک ہڑتال کے 19ویں دن سونم وانگچک کا وزن ساڑھے آٹھ کلو کم ہوگیا ہے۔ اگر انہوں نے مزید بھوک ہڑتال جاری رکھی تو یہ ان کے لئے جان لیوا ہوسکتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ اگر سونم وانگچک کی موت ہو جاتی ہے تو یہ پورے ملک اور دنیا کے لیے شرمناک بات ہو گی۔
سونم وانگچک 28 جون سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ وہ جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کی طرف سے منعقد ہ احتجاج میں شامل ہوئے اور تب سے مسلسل انشن پر ہیں۔ یہ احتجاج این ای ای ٹی پیپر لیک اور دیگر پیپر لیک اور بے ضابطگیوں کے بعد مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کے لئے کیا جارہا ہے۔
No Comments: