
نئی دہلی ،21جولائی (میرا وطن نیوز )
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے جنتر منتر کے قریب احتجاج کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں پر پولیس کارروائی کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کا استعمال اور احتجاج کرنے والوں کی گرفتاری آئینی حقوق اور اظہار رائے کی آزا د ی کے سخت منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ اور عام شہریوں پر طاقت کا استعمال ایک نہایت افسوسنا ک قدم ہے جو جمہوری اداروں پر عوام کے اعتماد کو کمزور کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ پرامن احتجا ج کرنے والوں سے بات چیت کے بجائے انھیں پولیس کی جارحانہ کارروائی کانشانہ بنایا گیا۔ ایک جمہوری سرکار کو چاہیے کہ وہ اپنے نوجوانوں کی آواز کا جواب ہمدردی اور مذاکرات سے دے، نہ کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے، آنسو گیس، لاٹھی چارج اور اجتماعی گرفتاریوں کے ذریعے ان کی آواز کو دبا نے کی کوشش کرے۔
No Comments: