Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

معروف ادیب اور عاشقِ اردو کرشن لعل نارنگ ساقی کی رحلت پر

اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے تعزیتی نشست منعقد

نئی دہلی۔ 11 جون (میرا وطن نیوز )
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے معروف ادیب اور عاشق اردو کرشن لعل نارنگ ساقی کی یاد میں ایک تعزیتی نشست دفتر ’اردو بک ریویو‘ واقع دریاگنج، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ’اردو بک ریویو‘ کے ایڈیٹر محمد عارف اقبال نے کہا کہ کے ایل نارنگ ساقی عاشق اردو تھے۔ انہوں نے اپنی حیات اردو زبان و ادب اور اردو شعرا و ادیبوں کے لیے وقف کردی تھی۔ پیرانہ سالی اور ضعف میں بھی وہ اردو کے پروگرام میں شرکت کی ہر ممکن کوشش کرتے تھے۔ عارف اقبال نے کہا کہ نارنگ ساقی کے روابط ہند و پاک کے معروف و مشہور ادیبوں اور شعرا سے تھے۔ اس کا بخوبی اندازہ ان کی کتاب ’مشا ہیر کے خطوط: نارنگ ساقی کے نام‘ سے ہوتا ہے، جس کے مرتب ڈاکٹر سیفی سرونجی ہیں۔
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ کے ایل نارنگ ساقی کی ادبی خدمات کے اعتراف میں گزشتہ برس 9 نومبر عالمی یوم اردو کے موقع پر آنجہانی نارنگ ساقی کو ’کنور مہندر سنگھ بیدی عالمی یوم اردو ایوارڈ‘ سے سرفراز کیا گیا تھا۔ وہ تادم حیات مختلف اردو رسائل و جرائد کو مالی تعاون دینے کے ساتھ سرپرستی بھی کرتے رہے۔ اردو دنیا میں نارنگ ساقی جیسے افراد کم ہی نظر آ تے ہیں۔ وہ شعرا اور ادبا کی مہمان نوازی کے لیے مشہور تھے جن میں ہند و پاک کے معروف و معتبر ادیب و شعرا شامل ہیں۔ اردو کے لیے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ان کی دو کتابیں ’ادیبوں کے لطیفے‘ اور ’خوش کلامیاں قلم کاروں کی‘ آج بھی بے حد پسند کی جاتی ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *