قومی خبریں

خواتین

لوک سبھا کی سکیورٹی میں چُوک! ناظرین گیلری پاس کے اجرا پر پابندی عائد

ناظرین گیلری سے دوافراد کے کودنے کے بعد سیکورٹی سخت،اسپیکر نے مکمل رپورٹ طلب کی

نئی دہلی: لوک سبھا کی سکیورٹی میں کوتاہی کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی برلا نے ناظرین گیلری کے لیے بنائے گئے پاسوں کے جاری کرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔لوک سبھا اور پارلیمنٹ کے حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے، اسپیکر برلا نے آج شام ہی ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے، جس میں ایوان کی تمام سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔
جب دوپہر 2 بجے لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے بدھ کے روز ایوان کی سکیورٹی میں لاپروائی کے بارے میں ایوان کو آگاہ کیا اور کہا کہ ایوان میں کودنے والےدونوں نوجوانوں کو پکڑ لیا گیاہےاور ان کے ساتھ موجود سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔ برلا نے بتایا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے بھی دو لوگ پکڑے گئے ہیں۔لوک سبھا اسپیکر برلا نے کہا، “وقفہ صفر کے دوران پیش آنے والے اس واقعہ کی لوک سبھا اپنی سطح پر مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں دہلی پولیس کو ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ لیکن جو ہم سب کی تشویش ہے، وہ یہ ہے کہ وہ دھواں کیا تھا؟ تو اب تک کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھواں عام اور سنسنی پھیلانے والا تھا، اس لیے یہ دھواں تشویش کا باعث نہیں ہے، اس کی ابتدائی تحقیقات ہوچکی ہیں۔ایوان میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے بحث کے مطالبے پر برلا نے کہا کہ واقعہ کی ابتدائی تحقیقات ابھی جاری ہے اور حتمی تحقیقات میں حقائق سامنے آنے کے بعد وہ ایوان کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *