
ماڈرن اسکول باراکھمبا کے طالب علم محمد ناہن ایل ایل بی کرنا چاہتے ہیں
نئی دہلی،23مئی (میرا وطن نیوز )
تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے محمد ناہن نے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجو کیشن (سی بی ایس ای ) کے امتحانات میں 92 فیصد نمبرات حاصل کر کے شاندار کامیابی درج کی ہے ۔ ان کی اس نمایاں کامیابی پر علمی و ادبی حلقوں اور معززین شہر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔محمد ناہن کی اس کامیابی کو ان کی محنت، لگن اور اساتذہ کی صحیح رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ نتائج کے اعلان کے بعد سے ہی ان کے گھر پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔اپنی اس کامیابی کو محمد ناہن نے اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعائوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
قومی راجدھانی کے مشہور و معروف ماڈرن اسکول بارا کھمبا روڈ کے طالب علم محمد ناہن نے انگریزی میں 94 ،ہسٹری 93،پولٹیکل سائنس 90،جغرافیہ 92اور فزیکل ایجوکیشن میں 91نمبرات حاصل کئے ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ محمد ناہن نرسری سے ہی ماڈرن اسکول میں زیر تعلیم ہیں اور اعلیٰ تعلیم کی تیار ی کر رہے ہیں اور وہ ایل ایل بی کرنا چاہتے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ایل ایل بی کر وکالت کرنا چاہتے ہیں تا کہ مظلومین کو انصاف دلاسکیں ۔محمد ناہن کے والد خواجہ سہیل جلیل کیئر ہیلتھ انشورنس کمپنی میں بطور منیجراور والدہ جوہی حسن نظامی نے بیٹے کے روشن مستقبل کے لئے دعا کی ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ وہ محمد ناہن کی اسی طرح سپورٹ کرتے رہیں گے ۔
ادھر مختلف سماجی اور تعلیمی تنظیموں کے عہدیداروں سمیت کیئر انشورنس سے وابستہ شخصیات نے انہیں فون پر مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے نتائج دیگر طلبہ کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہوں گے اور ان میں مزید بہتر کارکردگی کا جذبہ پیدا کریں گے۔
No Comments: