
نئی دہلی، 8 جولائی (میرا وطن نیوز)
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کجریوال نے بدھ کو 29 آٹو مینوفیکچر نگ کمپنیوں کو ایتھنول 20 (پیٹرول میں 20 فیصد ایتھنول ملا ہوا) کے بارے میں خط لکھا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کمپنیاں ایک ہفتے کے اندر تحریری جواب دیں کہ 2023سے پہلے کی پیٹرول گاڑیوں میں ای20کا استعمال محفوظ ہے یا نہیں۔
اروند کجریوال نے آج پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کی 29 آٹو مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو خط بھیجے گئے ہیں، جس میں ای20 پیٹرول سے متعلق ان کے دعووں پر تحریری جواب طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ماروتی، ٹویوٹا اور ہیرو کو الگ الگ خط بھیجے گئے ہیں کیونکہ 4 جولائی کو ایک سرکاری پریس کانفرنس کے دوران ان کمپنیوں کے نمائندوں نے بتایا کہ پرانی گاڑیوں میں ای 20 کا استعمال صرف 3-5 فیصد تک مائلیج کو کم کرتا ہے اور گاڑی کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کمپنیوں کے مالک کے دستورالعمل 2023 سے پہلے تیار کردہ بہت سے ماڈلز کے لیے 10 فیصد سے زیادہ ایتھنول ( E10 سے اوپر) والے پیٹرول کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔
اروندکجریوال نے کہا کہ کمپنیوں کو اپنی اصل سرکاری پالیسی واضح کرنی چاہیے۔ انہوں نے تمام کمپنیوں سے یہ بھی پوچھا کہ اگر ای20 استعمال کرنے سے صارف کا مائلیج 5-10 فیصد سے زیادہ کم ہوتا ہے یا گاڑی کے کسی جزو کو نقصان پہنچتا ہے تو کیا وہ ان کی تلافی کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ باقی 26 کمپنیو ں کو بھی ایک عام خط بھیجا گیا ہے، جس میں E20 پر ان کی پوزیشن، ایندھن کے مائلیج پر اس کے ممکنہ اثرات، اور گاڑیوں کے نقصان کے بارے میں واضح جوابات طلب کیے گئے ہیں۔
کجریوال نے کہا کہ وہ صارفین کے تجربات کے بارے میں جاننے کے لیے جمعرات کو پیٹرول پمپس ، سروس سینٹرز اور مقامی مکینکس کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار عوام پر E20 مسلط کرنا چاہتی ہے اور اس معاملے پر لوگوں کے تحفظات کو نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار اسے کبھی ٹرائل اور کبھی مکمل طور پر محفوظ قرار دے رہی ہے جس سے حکومت کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
No Comments: