Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

650کروڑ کے دوائی گھوٹالے کے خلاف عام آدمی پارٹی سڑک پر اتری

ایل این جے پی اسپتال کے باہرانسانی زنجیر بنا کرکیا گیا خاموش احتجاج

نئی دہلی، 6جولائی(میرا وطن نیوز )
بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریکھا گپتا سرکار کے 650کروڑ روپے کے مبینہ دوائی گھوٹالے کے خلاف پیر کو عام آدمی پارٹی نے ایل این جے پی اسپتال کے باہر خاموش علامتی احتجاج کیا۔ آپ کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھاردواج کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج میں کارکنوں نے ایک طویل انسانی زنجیر بنائی۔ تمام کارکنوں کے ہاتھوں میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ( ڈی جی ایچ ایس) ڈاکٹر وتسلا اگروال کی تصاویر والے پلے کارڈ تھے۔ ان کے ذریعے آپ نے بی جے پی سے سوال کیا کہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے؟ اس موقع پر پارٹی نے ڈاکٹر وتسلا اگروال اور وزیر اعلیٰ کے درمیان تعلقات کی جانچ کرانے اور وزیر اعلیٰ و وزیر صحت سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج کے دوران سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی خود کہہ رہی ہے کہ ڈاکٹر وتسلا اگروال نے ڈی جی ایچ ایس کے عہدے پر رہتے ہوئے 650کروڑ روپے کا گھوٹالا کیا، لیکن سوال یہ ہے کہ انہیں ڈی جی ایچ ایس کس نے مقرر کیا؟ ریکھا گپتا سرکار نے تمام ضابطوں کو بالائے طاق رکھ کر اور سینئر افسران کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں اس عہدے پر تعینات کیا۔ ان کے خلاف ویجیلنس کی جا نچ جاری ہونے کے باوجود انہیں ڈی جی ایچ ایس بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ریکھا گپتا سرکار نے قوا عد تبدیل کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اب کوئی بھی سرکاری اسپتال براہِ راست خریداری نہیں کرے گا بلکہ تمام خریداری ڈاکٹر وتسلا اگروال کی سی پی اے کے ذریعے ہوگی۔ یہ فیصلہ بھی ریکھا گپتا سرکارنے ہی کیا تھا۔ اس لیے اب سرکارکو عوام کو یہ بتانا چاہیے کہ ڈاکٹر وتسلا اگروال کے ساتھ اس کا آخر کیا تعلق ہے کہ ان پر اس قدر مہربانی کی گئی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *