
نئی دہلی ،20جون (میرا وطن نیوز )
نیٹ-یو جی کے دوبارہ امتحان کی تیاریوں کے پیش نظروزیر تعلیم آشیش سود نے انتظامات کا معائنہ کر نے کے لیے ہفتے کو پنڈارا روڈ پر واقع آر آئی ایس ای سی ایم اسکول کا دورہ کیا۔ معائنہ کے دوران محکمہ تعلیم کے سینئر افسران اور متعلقہ ایس ڈی ایم بھی موجود تھے۔
معائنہ کے بعد آشیش سود نے کہا کہ مرکزی وزارت تعلیم نے دہلی بھر میں مختلف مقامات پر نیٹ امتحان کے کامیاب اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے موثر انتظامات کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ والدین کی ایک بڑی تعداد دور دراز علاقوں سے اپنے بچوں کے ساتھ 21 جون کو ہونے والے نیٹ امتحان کے لیے دہلی کے امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لیے سفر کرتی ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، ہر امتحا نی مرکز پر تقریباً 2500 مربع فٹ پر پھیلے ہوئے ایئر کنڈیشنڈ اور آرام دہ ‘کولنگ زونز’ بنائے گئے ہیں، جس سے والدین اور طلبہ کو امتحان سے پہلے آرام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کولنگ زون بیٹھنے کی سہولیات، پینے کے صاف پانی، ’شکنجی‘(لیمونیڈ)، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات سے لیس ہوں گے تاکہ والدین اور بچوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مرکز میں مقررہ وقت سے پہلے پہنچنے والے طلباءبھی ان کولنگ زونز کو استعمال کر سکتے ہیں۔
آشی سود نے بتایا کہ سرکار نے نیٹ امتحان کے لیے دہلی بھر میں 97 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں، جن میں 69 سرکاری اسکول اور 28 کیندریہ ودیالیہ شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ان مراکز کے گرد حفاظتی انتظامات بھی سخت کیے گئے ہیں۔تمام طلباءکے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہا ر کرتے ہوئے آشیش سود نے کہا کہ دہلی سرکار ہر طالب علم کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پابند عہد ہے۔
No Comments: