
نئی دہلی، یکم جون (میرا وطن نیوز)
دہلی ہائی کورٹ کے جج امت شرما نے 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کی سا زش کے الزام میں گرفتار طاہر حسین کی ضمانت کی درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ اب اس ضمانت درخواست کی سماعت وہ بنچ کرے گی جس میں جسٹس امت شرما شامل نہیں ہوں گے۔ اگلی سماعت 10 جون کو ہوگی۔
طاہر حسین کی ضمانت درخواست جسٹس سَوربھ بنرجی کی سربراہی والی ویکیشن بنچ کے سامنے درج تھی، لیکن بنچ کے دوسرے رکن جسٹس امت شرما نے خود کو سماعت سے الگ کر لیا۔ اس سے قبل 29 جنوری کو کڑکڑڈوما عدالت نے طاہر حسین کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس فیصلے کو دہلی ہائی کور ٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ طاہر حسین پر 2020 کے دہلی فسادات کی سازش رچنے کا الزام ہے۔ وہ آئی بی افسر انکت شرما کے قتل کے معاملے میں بھی ملزم ہے۔
آئی بی افسر انکت شرما کے والد رویندر کمار 26 فروری 2020 کو دَیال پور تھانے آئے اور بتایا کہ ان کا بیٹا 25 فروری کو اپنے دفتر سے واپس آنے کے بعد شام کو کچھ سامان خریدنے گیا تھا۔ رات تک انتظار کے بعد انہوں نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ اس کے بعد کچھ لڑکوں نے انہیں بتایا کہ ایک لڑکے کو مار کر کھجوری خاص نالے میں پھینک دیا گیا ہے۔ اسی نالے سے انکت شرما کی لاش برآمد ہوئی۔اس کے علاوہ طاہر حسین کے خلاف دہلی فسادات سے متعلق منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج ہے۔ اس معاملہ ایک اور ملزم امت گپتا سرکاری گواہ بن چکا ہے۔
No Comments: