
نئی دہلی، 16مئی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے مہنگائی برداشت کرنے کو دیش بھکتی قرار دینے والی مودی سرکار اور بی جے پی لیڈروں پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار خام تیل مہنگا ہونے کا رونا رونا بند کرے اور گزشتہ 12برسوں میں عوام سے جو لاکھوں کروڑ روپے لوٹے گئے ہیں، ان سے تیل کمپنیوں کو سبسڈی دے کر مہنگائی پر قابو پایا جائے۔ گزشتہ 12سال میں مودی سرکارنے ٹیکس بڑھا کر 44لاکھ کروڑ روپے وصول کیے اور تیل کمپنیوں نے 3.50لاکھ کروڑ روپے کا منافع کمایا ہے۔
اس موقع پرسنجے سنگھ نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے انتخابات ختم ہوتے ہی خام تیل مہنگا ہونے اور تیل کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا بہانہ بنانا مودی سرکار کے دوہرے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔مہنگا ئی کو دیش بھکتی قرار دینے والی مودی سرکار اور اس کے حامیوں سے سوال کیا کہ جب خام تیل کی قیمت سب سے نچلی سطح پر تھی تو مودی سرکارنے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کیوں کم نہیں کیں؟ جب سرکار اور تیل کمپنیاں عوام کو لوٹ رہی تھیں تو یہ لوگ کہاں تھے؟ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ مودی سرکار کے ٹرمپ کے سامنے سرینڈر کرنے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ روس سستا تیل دے رہا ہے، لیکن ٹرمپ کی غلامی کی وجہ سے مودی سرکاروہاں سے سستا تیل نہیں خرید سکتی۔
No Comments: