
نئی دہلی ،3مارچ (میرا وطن)
ماہ رمضان المبار ک میں قومی راجدھانی میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے جن میں جہاںایک جا نب سماجی ،سیاسی اور ملی رہنماﺅں کے ساتھ دانشورحضرات شرکت کر رہے ہیں،وہیں دوسری طر ف
رضا کارانہ طور پر بھی مختلف مقامات افطار کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔اسی ترتیب میںاوکھلا کے سابق ایم ایل آصف محمد خان اور مقامی کونسلر اریبہ خان کی 9نمبر واقع رہائش گاہ کے باہر راہ چلتے لوگوں کے لئے پہلے روزے سے ہی افطار کا انتظام کیا گیا ہے ۔نوئیڈا اور فرید آباد کو جوڑنے والے اس مصروف مارگ سے بڑی تعداد میں اوکھلا ،جامعہ نگر آنے والے راہ گیروں کا گزر ہوتا ہے جن کو روزہ کا وقت ہونے پر افطار کرایا جا رہا ہے ۔
اس سلسلے میں ابو الفضل انکلیو وارڈ کی کانگریس کونسلر اریبہ خان نے کہا کہ ان کے والد کئی سالوں سے ماہ رمضان المبارک کے مہینے میں راہ چلتے لوگوں کے لئے افطار کا انتظام کراتے ہیں ۔ کا لندی کنج روڈ ،او کھلا اسمبلی حلقہ کا مصروف ترین راستہ ہے جس سے بڑی تعداد میں مسافر وں کا گزر ہو تا ہے ۔ اس روڈ سے سرحدی ریاستوں سے بھی عام لوگ گزر تے ہیں جو فرید آباد اور نو ئیڈا کی سمت سے آتے ہیں ۔ نو ئیڈا اور فرید آباد وغیرہ میں نوکری پیشہ لوگوں کا بھی گز ر اسی راستے سے ہوتا ہے ۔کالندی کنج روڈ سے ڈ ی ٹی سی اور کلسٹر بسوں کا گزر دہلی کے مختلف مقامات کے لئے ہوتا ہے ۔ساتھ ہی ای رکشا کے ذریعہ بھی عام مسافر اسی روڈ سے گزرتے ہیں ۔ اریبہ خان نے کہا کہ روزہ داروں کے لئے افطار کایہاں اہتمام کرنے سے انہیں دلی سکون ملتا ہے ۔
اس موقع پر آصف محمد خان نے امریکہ -اسرائیل کے ذریعہ فلسطین کے بعد ایران پر حملے کئے جانے کی مذمت کی ملک کے مسلمانوں اور دنیا کے مسلم ممالک سے صہیونی طاقتوں کے خلاف متحدہونے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ آج ایران اور فلسطین کو ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے اور اگر اب بھی مسلم ممالک نے سبق نہیں لیا تب اگلا نمبر ان میں سے کسی کا بھی آئے گا ۔انہوں نے کہا کہ اگرپہلے ہی مسلم ممالک متحد ہو گئے ہوتے تب اسرائیل اور امریکہ کی فلسطین پر حملہ کرنے کی جرت نہیں ہوتی لیکن ہم مسلک میں بنٹے ہوئے ہیں نہتے معصوم بچوں ،عورتوں اور بزرگوں کا خون بہتے دیکھ رہے ہیں ۔آصف محمد خان نے کہا کہ تنے تنہا ایران اس وقت امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کر رہا ہے اور اس کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت بھی ہوگئی ،پہلے بھی اس کی اعلیٰ قیادت شہید ہوچکی ہے،وقت کا تقا ضہ ہے مسلم مما لک صہیونی طاقتوں کے خلاف کھڑے ہوں ۔
No Comments: