
نئی دہلی، 25مئی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے گزشتہ 10سے 15دنوں کے اندر چوتھی بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود روس اور ایران سے سستا تیل نہ خریدنے پر مودی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں، لیکن ہم اب بھی رو س اور ایران سے سستا تیل نہیں خرید رہے۔ آخر مودی جی کی ایسی کیا مجبوری ہے؟ گزشتہ چند دنوں میں تیل 7.5سے 8روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تمام چیزیں مہنگی ہو گئی ہیں اور عوام کے لیے گھر کا خرچ چلانا دشوار ہو گیا ہے۔ ملک کی 97فیصد عوا م روس اور ایران سے سستا تیل خریدنے کے حق میں ہے۔ اس کے باوجود وزیراعظم روس اور ایرا ن سے تیل کیوں نہیں خرید رہے، یہ ایک بڑا سوال ہے۔
آپ کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ آج پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔ پورے ملک میں اوسطاً ڈھائی ڈھائی روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں یہ چوتھی بار قیمتیں بڑھی ہیں۔ اروند کجریوال نے کہا کہ میں نے دو تین دن پہلے ملک کے عوام سے پوچھا تھا کہ کیا بھارت کو روس اور ایران سے تیل اور گیس خریدنا چاہیے؟ تقریباً 97فیصد لوگوں نے جواب دیا کہ ہاں، ہمیں خریدنا چاہیے۔ جب ملک کے عوام خود مطالبہ کر رہے ہیں اور روس و ایران ہمیں سستا اور مناسب مقدار میں تیل و گیس دینے کو تیار ہیں، تو پھر وزیراعظم کی ایسی کیا مجبوری ہے کہ وہ ان ممالک سے تیل اور گیس نہیں خرید رہے؟
No Comments: