
دو دنوں کے اندر یہ چوتھی گرفتاری ہے،ملازمین مچا ہوا ہے ہڑکمپ
نئی دہلی ، 17 ستمبر(میرا وطن نیوز )
دہلی میونسپل کارپوریشن کے بدعنوان افسروں کے خلاف سی بی آئی کی ‘صفائی مہم’ بلا تعطل جاری ہے۔ بدھ کوتین افراد کی گرفتاری اور 25 لاکھ روپے سے زائد کی برآمدگی کے بعدگرفتاریوں کا سلسلہ جمعرا ت کو بھی جاری رہا۔ سی بی آئی نے جمعرات کو ایم سی ڈی کے ایڈورٹائزمنٹ (اشتہارات) ڈیپار ٹمنٹ کے ایک اور افسر کو گرفتار کیا۔
سی بی آئی کی جانب سے جمعرات کو گرفتار کیے جانے والے افسر کی شناخت وید پرکاش کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ ایم سی ڈی کے ایڈورٹائزمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینٹرل زون میں بطور انسپکٹر تعینات ہیں۔ ان کا نام اسی ایف آئی آر میں شامل ہے جس میں انل کھتری (ایم سی ڈی کے ایس ایس اے جنہیں بدھ کو گرفتار کیا گیا تھا) اور دیگر کے نام درج ہیں۔ سی بی آئی نے وید پرکاش کو 2 لاکھ روپے نقد کے ساتھ گرفتار کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ بدھ کو سی بی آئی نے سوک سینٹر کی پارکنگ اور 25ویں منزل پر واقع ایڈورٹائزمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دفتر میں چھاپہ ماری کرکے ایم سی ڈی کے دو زون کے انسپیکٹرانل کھتری، میسرزنقش کریٹر ز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹراننت شرمااوراسی ایجنسی کے نمائندے دلیپ پٹیل کو 15 لاکھ روپے کی رشوت کے لین دین کے دوران 25 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم کے ساتھ گرفتار کیا۔
سی بی آئی کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق 16 ستمبر کو درج ایف آئی آر کے مطابق، ایم سی ڈی ایڈورٹائزمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایریا انسپکٹرز انل کھتری اور وید پرکاش نے میسرز نقش کریٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اننت شرما کو طلب کیا تھا اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے جا نے والے کام کے بدلے لاکھوں روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ اننت شرما اور ان کے معاون دلیپ پٹیل یہ رقم پہنچانے کے لیے بدھ کو سوک سینٹر پہنچے تھے۔ اسی دوران، سی بی آئی نے چھاپہ مار کر ان تینوں کو نقد رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
No Comments: