
نئی دہلی، 26 جولائی (میرا وطن نیوز)
نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کے وائس چیئر مین صدر کلجیت سنگھ چہل مظاہرہ ختم ہوتے ہی رات میں صفائی اہلکاروں کے ساتھ جنتر منتر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایم سی کی تمام ٹیمیں فو ر ی طور پر میدان میں اتر گئیں اور جنتر منتر، ٹالسٹائے روڈ، سنسد مارگ، جے سنگھ روڈ، جن پتھ نیز کناٹ پلیس کے اس پاس کے علاقوں میں جنگی بنیادوں پر صفائی، دھلائی اور مرمت کا کام کیا گیا۔ صفائی مہم کے دوران تقریباً 60 میٹرک ٹن کچرا ہٹایا گیا۔ اس کے لیے 8 آٹو ٹپر، 2 بھاری ٹرک، 1 جے سی بی اور 3 ہائی پریشر جیٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے حکام کو تمام کام جلد اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کام مکمل ہونے کے بعد انہوں نے دوپہر کو دوبارہ جنتر منتر اور آس پاس کے علاقوں کا معائنہ کیا اور یہ یقینی بنایا کہ پورا علاقہ صاف، محفوظ اور عام شہریوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔چہل نے کہا کہ اس مہم میں صحت و صفائی، سو ل انجینئرنگ اور ہارٹیکلچر (باغبانی) کے شعبوں نے مشترکہ طور پر کام کیا۔ رات سے دن تک 500 سے زائد افسران اور ملازمین نے مہم میں حصہ لیتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں، ڈیوائیڈروں، گرین بیلٹس، دیواروں اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی، دھلائی، مرمت اور بحالی کا کام کیا۔
چہل نے کہاکہ مظاہرہ ختم ہونے کے فوراً بعد ہی این ڈی ایم سی کی ٹیمیں متحرک ہو گئی تھیں اور کو نسل کے ذریعہ پورے مظاہرے کی جگہ کی صفائی کسی بھی دوسری علامتی صفائی کی سرگرمی سے پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھی۔انہوں نے ہارٹیکلچر شعبے کی طرف سے کیے جا رہے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ شعبے نے گرین بیلٹس، ڈیوائیڈروں اور پارکوں کے علاقوں کی صفائی، دیکھ بھال اور بحالی کا کام کر کے علاقے کی ہریالی اور خوبصورتی کو دوبارہ بحال کیا۔
No Comments: