
نئی دہلی، 23 جون(میرا وطن نیوز )
مٹیا محل اسمبلی حلقہ کے وارڈ نمبر 77 میں واقع منٹو روڈ کے تکیہ کالے خاں کلسٹر میں 22 جون کی رات لگنے والی ہولناک آگ نے تقریباً 30 غریب خاندانوں کو بے گھر اور شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ۔ آگ کی زد میں آ کر جھگیوں میں موجود گھریلو سامان، کپڑے، بستر، راشن، نقد رقم اور اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہو گئے۔ واضح ہو کہ میر درد پر واقع یہ بستی ڈی یو ایس آئی بی کے 675 کلسٹر کی لسٹ میں شامل ہے۔
واقعہ کے بعد مقامی کونسلرکرن بالا نے ایس ڈی ایم چاندنی چوک منوج کماراور کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری مالی امداد اور مناسب معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وفد میں کرن بالا کے ساتھ سابق کونسلر راکیش کمار، سوشل اینڈ آرٹی آئی ایکٹیوسٹ محمد شاہد گنگوہی ،مقامی باشندے وارث پردھان اور سالم وغیرہ بھی شریک تھے۔ انہوں نے انتظامیہ سے متاثرین کے نقصانات کا سروے کرا کر فوری ریلیف، عارضی رہائش، خوراک، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
No Comments: