
نئی دہلی،27اگست (میرا وطن نیوز )
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ایس امین الحسن نے نیپال میں اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں نائب امیر ایس امین الحسن نے کہا کہ اس انتہائی المناک سانحے کے وقت ہماری تمام تر ہمدردیاں نیپال کے عوام کے ساتھ ہیں۔ہم سیلاب میں اپنی جانیں گنوانے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ لوگوں کی سلامتی اور جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
نائب امیر نے کہا کہ اس وقت فوری ترجیح انسانی جانوں کو بچانا، لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرہ خاندانو ں کو خوراک، پانی، رہائش، طبی امداد اور ہر ممکن انسانی تعاون فراہم کرنا ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے ہندوستان کو نیپالی حکام کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے ہر ممکن مدد فراہم کرنی چاہئے۔ خصوصی طور پر سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، طبی امداد، ہنگامی سامان، لاجسٹک سپورٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تکنیکی مہارت فراہم کرنا شامل ہے۔ ہندوستان کی سیٹلائٹ نگرانی خراب موسم اور سیلاب کی پیش گوئی کی صلاحیتیں قدرتی آفات، سیلاب، لینڈ سلائنڈنگ کے فوری خطرات سے نمٹنے میں نیپال کو مدد دے سکتی ہیں۔
No Comments: