
نئی دہلی،15مئی (میرا وطن نیوز)
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں آنے وا لے طوفان، بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ایک سو سے زائد افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر نے کہا کہ ہم ان تمام خاندانو ں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اپنے عزیزوں کو اس سانحے میں کھو دیا ہے۔ ہم آفا ت سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ اپنی دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ قدرتی آفات میں انسانی جانوں کا جانا اور مالی نقصانات انتہائی افسوسناک ہے۔ اگرچہ اس نوعیت کے شدید موسمی واقعا ت قدرتی ہوتے ہیں، تاہم قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کی ناکامی کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے موجود حفاظتی ڈھانچے پر سنگین سوالات کھڑے کرتی ہے۔
پروفیسر سلیم انجینئر نے کہا کہ اگرچہ ریاستی سرکار نے راحت رسانی اور معاوضے کا اعلان کر دیا ہے، لیکن ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صرف فوری اور علامتی امداد تک محدود نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی گرنے، عمارتوں کے منہدم ہونے اور طوفان سے ہونے والے نقصانات کا سب سے زیادہ اثرغریبوں اور کمزور افراد پر پڑا ہے۔
No Comments: