
نئی دہلی ،22جولائی (میرا وطن نیوز )
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد، ریجنل سینٹر دہلی کے نئے آفس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کیا۔واضح رہے کہ اب مانو کا نیا دفتر سکھ دیو وہار میٹرو اسٹیشن کے نزدیک ڈون بوسکو انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنا لوجی کی دوسری منزل پر واقع ہے ۔
اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ اردو یونیورسٹی پورے ملک میں اعلیٰ تعلیم کو بذریعہ اردو میڈ یم نہ صرف فروغ دے رہی ہے بلکہ اپنے بی ایڈ، ایل ایل بی اور پولی ٹیکنک جیسے مختلف پروفیشنل کورسیز کے ذریعہ کثیر افراد کو نوکری حاصل کرنے کے اہل بنا رہی ہے۔ فاصلاتی تعلیم کے تحت تقریباً50 ہزار طلباءتعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اب جلد ہی آن لائن تعلیم بھی شروع کی جائے گی۔ اس یونیورسٹی کے تمام کورسیز اردو میڈیم طلباءبالخصوص مدارس کے طلباءکے لیے ایک عطیہ ہے۔ کیونکہ یہ واحد مرکزی یو نیورسٹی ہے جو اعلیٰ تعلیم و پروفیشنل کورسیز کو اردو میڈیم میں فراہم کرتی ہے۔ دہلی ریجنل سینٹر کا یہ نیا آفس دورِ حاضر کے تقاضے کے مطابق تمام جدید سہولیات کے ساتھ قائم کیا جا رہا ہے۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر محمد میاں، سابق وائس چانسلر، اردو یونیورسٹی نے کہا کہ اردو یونیورسٹی اپنے طلباءکے لیے معیاری کتابیں تیار کی ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی مزید کتابیں تیار کی جائیں گی۔ اس یونیورسٹی نے اردو میڈیم طلباءبالخصوص مدارس کے طلباءکے لیے پروفیشنل کورسیز کا موقع فراہم کر، ان کے لیے ایک بہتر مستقبل ہموار کرنے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مہمانِ اعزازی ڈاکٹر مدھو کرائم وادرے، جوائنٹ سکریٹری، ڈیب، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے اردو یونیورسٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس یونیورسٹی نے بہت کم وقت میں ملکی سطح ایک منفرد پہچان قائم کی ہے۔ فاصلاتی تعلیم میں ان ہاو ¿س میٹریل تیار کرنے میں اس یونیورسٹی نے کافی اچھا کام کیا ہے۔ ہمیں اسکل ڈیولپمنٹ اور آن لائن کورسیز کی طرف بھی بڑھنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر شمس اقبال، ڈائریکٹر قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان، نئی دہلی نے کہا کہ اردو کونسل اور اردو یونیورسٹی دونوں ادارے آس پاس وجود میں آئے اور اردو یونیورسٹی کی خوش قسمتی رہی کہ اسے ہمیشہ اچھے سرپرست ملے۔ اب اگر دونوں ادارے مفاہمت کریں تو اردو کی ترقی کے مزید راہ ہموار ہو سکتے ہیں۔ مانو، ریجنل سینٹر دہلی دیکھ کر خوشی ہوئی، اگر یہاں سے کوئی مناسب پروپوزل جاتا ہے تو اردو کونسل اسے آگے بڑھانے میں خوشی محسوس کرے گی۔
پروفیسر رضا اللہ خان، ڈائریکٹر، سینٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیو ر سٹی نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم کے ذریعہ ہم ملک کے تقریباً ہر علاقے میں پہنچ چکے ہیں اور اپنے دائرے کو مزید وسیع کرتے ہوئے دور دراز دیہی علاقوں میں بھی پہنچنے کی کوشش ہے۔ ہماری یونیورسٹی کا اہم مقصد اعلیٰ اور معیاری تعلیم ان لوگوں تک پہنچانا ہے جن تک اعلیٰ تعلیم نہیں پہنچ سکی ہے۔
پروگرام کی شروعات دہلی ریجنل سینٹر کی ریجنل ڈائریکٹر روچیکا کیم کے تعارفی خطاب سے ہوا۔ جس میں انہوں نے دہلی ریجنل سینٹر کی مختصر کارکردگی پیش کی۔ پروگرام کی نظامت سید جعفر مہدی واسطی اور صادقہ زہرا نے کیا۔ شکریہ کے فرائض جاوید عالم نے انجام دی۔پروگرام میں مختلف شہروں میں موجود ریجنل سینٹرز و سب ریجنل سینٹرز کے تمام ریجنل ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹرنے شرکت کی۔ پر وفیسر شاہد پرویز، سابق ریجنل ڈائریکٹر، مانو؛ اسٹڈی سینٹرز کے کوآرڈینیٹرس، مدارس کے منتظمین، اردو یونیورسٹی کے المنائی، طلباءاور مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔
No Comments: