
نئی دہلی ،17ستمبر (میرا وطن نیوز )
جامع مسجد پرانی دہلی کے قریب جمعیت علماءصوبہ دہلی کے ناظم تنظیم مولانا حافظ یوسف الاعظمی کے دفتر کا افتتاح ایک پروقار تقریب میں عمل میں آیا۔ جس کی سرپرستی ناظم عمومی جمعیت علماءہند مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے فرمائی۔ تقریب کی صدارت نائب صدر جمعیت علماءصوبہ دہلی مولانا قاری عارف قاسمی نے کی۔ نظامت کے فرائض مولانا قاری احرار الحق جوہر قاسمی نے انجام دیے۔
ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے جمعیت علماءصوبہ دہلی کے ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامع مسجد کے اس تاریخی ماحول میں دفتر کا قیام ایک نئی ذمہ داری کا آغاز ہے ۔ امید ہے کہ یہاں سے جمعیت علماءکے کام کو مزید منظم، مو ¿ثر اور وسیع پیمانے پر آگے بڑھایا جا ئے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس دفتر کو دینی، ملی اور سماجی خدمات کا مو ¿ثر مرکز بنائے اور تمام ذمہ داران کو اخلاص و استقامت کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
جمعیت علماءصوبہ دہلی کے صدر مولانا محمد قاسم نوری نے کہا کہ اصل مقصد عمل ہے اوراگر ہم نے عمل کیا او رجمعیت علماءکے کاررواں کو آگے بڑھایا تو اس سے بہتر کوئی کام نہیں ہے۔جمعیت علماءصوبہ دہلی کے نائب صدر مولانا قاری عارف قاسمی نے دفتر کے قیام کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس جگہ سے جمعیت کی تنظیمی سرگرمیوں کو نئی قوت ملے اور یہ دفتر علماء، ائمہ، کارکنا ن اور ملی و سماجی خدمت سے وابستہ افراد کے لیے مفید مرکز ثابت ہو۔
اس موقع پر جمعیت علماءہند کے سکریٹری مولانا عظیم اللہ صدیقی، مولانا مفتی حسان قاسمی، مولانا عبدا لسبحا ن قاسمی، قاری عبدالسمیع شاہی، مولانا قاری محمود امینی، مولانا مفتی نثار الحسینی سمیت متعدد علماءو ذمہ داران نے خطاب کیا۔مرکزی دفتر جمعیت علماءہند کی جانب سے مولانا ضیاءاللہ قاسمی، مولانا کلیم الدین قاسمی، مولانا حفیظ الرحمن محمودی، حاجی محمد مبشر، ڈاکٹر ابو مسعود، اسعد میاں ،نبی کریم سے حاجی نعمت اور دیگر حضرات نے شرکت کی۔
No Comments: