
نئی دہلی ،15ستمبر (میرا وطن نیوز)
غالب اکیڈمی،نئی دہلی کے بانی حکیم عبدالحمید کے118ہویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر ماہرین طب یونانی،ادیبوں اور اہم شخصیات نے اظہار خیال کیا اور مقالے پیش کئے۔ ڈاکٹر عقیل احمد نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ غالب اکیڈمی کی ابتدا حکیم صاحب نے مزا ر غالب کے پاس 1935میں زمین حاصل کر کے کردی تھی۔ اس اعتبار سے حکیم صاحب کے قائم کرد ہ اداروں میں اسے اولیت حاصل ہے۔غالب اکیڈمی ہر سال ان کے کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب کا اہتمام کرتی ہے۔
سیمینار کی صدارتی تقریر میں ڈاکٹر جی آر کنول نے کہا کہ حکیم عبد الحمید نے غالب اکیڈمی تعمیر کر کے ار دو کی ناقابل فراموش خدمت کی ہے۔ کم بولتے تھے،کم سوتے تھے اور کم کھاتے تھے۔غالب اکیڈمی کا افتتاح غالب پرست ڈاکٹر ذاکر حسین نے کیا تھا۔حکیم صاحب سادہ مزاج تھے۔ اعزازات ان کی روح کے منافی ہیں اصل معنی میں وہ بھارت رتن تھے وہ انسانیت کے رہنما تھے تصوف ان کے عمل میں ظاہر ہوا۔ وہ عامل تھے ابوالعمل تھے۔
اس موقع پرڈاکٹر امان اللہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکیم صاحب نے صبر، شکر اور قناعت اختیار کرکے اپنے والد کے قائم کردہ ہمدرد کو بلندیوں پر پہنچادیا۔پروفیسر اختر الواسع نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکیم عبد الحمید کی والدہ نے انہیں زندہ پیر کی طرح پیش کیا۔ انہوں نے پرانی دہلی میں رابعہ گرلس پبلک اسکول قائم کیا۔ سنگم وہار میں انگلش میڈیم اسکول قائم کیا جہاں ملک سے باہر رہنے والے اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دلاتے ہیں۔غالب اکیڈمی قائم کرکے اردو زبان و ادب کا غیر معمولی کام کیا۔ انہوں ہمدرد صحت کا اجرا کرکے طبی صحافت کا آغاز کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سید فاروق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکیم صاحب کی شخصیت زبردست تھی۔ ان کو تعلیم میں بہت شغف تھا۔ برہان پور میں انہوں نے ایک اسپتال قائم کیا۔ مستحق افراد کی مدد کرتے تھے۔
حکیم نازش احتشام اعظمی نے حکیم عبد الحمید:حکمت خدمات اور انسانیت کے منارہءنور کے عنوان سے مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جدید علمی،طبی اور سماجی تاریخ میں حکیم عبد الحمید کا نام ایک ایسے آفتاب جہاں تاب کی حیثیت رکھتا ہے جس کی شعاعوں نے طب یونانی،اعلیٰ تعلیم،رفاہِ عامہ اور انسانی خدمات کی جہات اور زاویوں کو روشنی اور استحکام بخشا۔ ان کی حیات مبارکہ علم و عمل اخلاقی رفعت،ادارہ ذاتی تشکیلیت اور خلوص نیت کا ایک نادر اور بے مثال مرقع تھی۔
ڈاکٹر رخشندہ روحی نے لسانی یکجہتی کا علمبردار: حکیم عبد الحمید کے عنوان سے مقالہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات طب اور تعلیم تک محدود نہیں رہیں بلکہ قومی یکجہتی،مشترکہ ثقافت(گنگا جمنی تہذیب) ار دو ہندی زبانوں کے درمیان ثقافتی اور لسانی یکجہتی کے فروغ میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔غالب اکیڈمی میں انہوں نے پروفیسر محمد حسن کی سربراہی میں ہندوستانی پروجیکٹ قائم کیا تھا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ثمر جہاں نے حکیم عبد الحمید کی شخصیت اور خدمات پر ایک مقالہ پیش کیا۔ پروفیسر شریف حسین قاسمی نے حکیم عبدالحمید کی زندگی سے جڑے علمی و تحقیقی واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اورنگ زیب کے زمانے تک طب کی کتابیں فارسی میں تھیں۔ حکیم صاحب نے ان کا ترجمہ کروایا، اسلامک اسٹڈیز کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ جس میں عربی کتابوں کے تراجم کئے گئے۔اس کے سربراہ سید اوصاف علی تھے۔ ان کے ذریعہ اس ادارہ نے بہت کام کیا۔
سیمینار میں بڑی تعداد میں سامعین موجود تھے۔جن میں ڈاکٹر نگار عظیم،شمع افروز زیدی،ظہیر احمد برنی، پروفیسرمعظم الدین، مظہر محمود، ڈاکٹر تبسم شاداب، پروفیسر سلیم قدوائی،ایڈوکیٹ شرف الدین احمد، سرفراز احمد فراز، احترام صدیقی،کمال الدین،عارف حسین، شمیم، ابو نعمان، روی پٹوردھن،خضر السلا م،خورشید بانو،باری مسعود،سعود صحافی،مینک آسٹون صوفی،صادق شیروانی، پروین ویاس،پون کمار تومر،نیتین چڈھا، صبیحہ، وغیرہ اسمائے گرامی شامل ہیں۔آخر میں عقیل احمد نے شکریہ ادا کیا۔
No Comments: