
جشن آزادی مسلم اداروں میں شان و شوکت سے منایا جاتا ہے:مفتی مکرم
نئی دہلی ،14اگست (میرا وطن نیوز )
شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے پرزور اپیل کی کہ قرآن کریم کا احترام کریں اور تلاوت کو روزمرہ کے معمولات میں شا مل کریں اسکے معنی اور مفہوم کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔ عید میلاد النبیﷺ 26اگست بروز بدھ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جشن آزادی منایا جا رہا ہے یہ 140 کروڑ عوام کا تہوارہے مسلم ادا رے اور مدارس بھی بڑی شان سے جھنڈا سلامی کرتے ہیں اور مسلمان ترنگا لہرانے میں فخر محسوس کر تے ہیں۔
آسام کی موجودہ ریاستی سرکار کے امتیازی تعصب بھرے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ حتمی این آر سی کے نفاذ کے باوجود چھ سال سے تین کروڑ سے زا ئد شہریوں کو نیشنل شناختی کارڈ جاری نہیں کیے گئے ہمارا مطالبہ ہے کہ جن شہریوں کا حتمی این آر سی میں نام شامل ہے انہیں بلا تاخیر شناختی کارڈ جاری کیے جائیں۔ مفتی محمد مکرم احمد نے الہ آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کاخیر مقدم کیا جس میں عدالت نے واضح کیا ہے کہ بالغ ہونے کے بعد کسی فرد کی مذہبی آزادی، رہائش اور ذاتی زندگی سے متعلق فےصلے اس کی آئینی خود مختاری کا حصہ ہیں۔
No Comments: