Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

حماس کے شہید رہنما العروری کے گھر پر بمباری ، 14 افراد شہید

ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر اور العمل اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا۔شہیدفلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز

غزہ :اسرائیلی فوج نے لبنان میں شہید ہونے والے حماس کے نائب سربراہ صلاح العروری کے خاندان سے منسوب خان یونس کی ایک رہائشی عمارت پر وحشیانہ بمباری کی جس میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 120 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔گذژتہ7اکتوبر سے جاری اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 57 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے خاندان کا حماس کے کمانڈر شہید صلاح العروری سے کیا تعلق تھا۔خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر اور العمل اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص کے شہید اور درجن سے زائد مریضوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں اسپتال اور رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ صلاح العروری کے خاندان سے منسوب رہائشی عمارت پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 14 افراد شہید ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ایک مقامی مرکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 9 کارکن شہید ہوگئے۔یاد رہے کہ دو روز قبل لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملے میں حماس کے نائب سربراہ صلاح العروری سمیت 6 جانباز شہید ہوگئے تھے۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں پر صیہونی مظالم میں کوئی کمی نہ آسکی، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور انتہا پسند یہودیوں کے ہاتھوں 83 بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 324 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 3 ہزار 800 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کے ہیومن افیئرز کے آفس (او سی ایچ اے) اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 31 دسمبر 2023 تک کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 3 لاکھ 55 ہزار رہائشی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 370 سے زائد تعلیمی مراکز بھی صفحہ ہستی سے مٹادیے گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے کے بعدغزہ کے 36 میں 23 ہاسپٹلس مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں، 123 ایمبولینسوں اور 203 عبادتگاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *