واشنگٹن، 28 جنوری :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کی جانب سے امریکی ساختہ دفاعی ساز و سامان کی خریداری میں اضافہ کرنےاور منصفانہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کی سمت بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے پیر کی رات وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔
امریکی صدر کے دفتر ‘وائٹ ہاؤس’ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے مسٹر مودی کے وائٹ ہاؤس کے دورے کی منصوبہ بندی پر بھی بات چیت کی۔
بیان میں کہا گیا، “آج، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ معنی خیز گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے تعاون بڑھانے اور گہرا کرنے پر بات چیت کی۔ انہوں نے ہند-بحر الکاہل، مغربی ایشیا اور یورپ میں سلامتی سمیت کئی علاقائی امورپر بھی گفتگو کی۔ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان کی جانب سے امریکی ساختہ دفاعی ساز و سامان کی خریداری بڑھانے اور منصفانہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کی طرف بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔”
انہوں نے مزید کہا، “رہنماؤں نے ہمارے ممالک کے درمیان دوستی اور اسٹریٹجک تعلقات کی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم مودی کے وائٹ ہاؤس کے دورے کی منصوبہ بندی پر بات کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکہ-ہنداسٹریٹجک شراکت داری اور ہند-بحر الکاہل کواڈ شراکت داری کو آگے بڑھانے کےاپنے عزم پر زور دیا، اس سال کے آخر میں ہندوستان پہلی بار کواڈ رہنماؤں کی میزبانی کرے گا۔”
اس سے قبل مسٹر مودی نے پیر کے روزریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدرعزت مآب ڈونالڈ جے ٹرمپ سے بات کی اور انہیں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے 47 ویں صدر کے طور پر ان کی تاریخی دوسری مدت صدارت پر مبارکباد دی تھی۔
No Comments: