Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

تعلیمی و تحقیقی دورے ریسرچ اسکالرز کے علمی افق کو وسعت دیتے ہیں: پروفیسر اقتدار محمد خان

بزم تحقیق،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی جانب سے ریسرچ اسکالرس کا رام پور اور نینی تال کا تعلیمی دورہ

نئی دہلی /رامپور،17اپریل (میرا وطن نیوز)
’تعلیمی و تحقیقی دورے ریسرچ اسکالرس کو نایاب مخطوطات، بنیادی مآخذ اور تاریخی علمی ذخائر سے براہِ راست استفادے کا موقع دیتے ہیں، جس سے ان کے علمی افق میں وسعت پیدا ہوتی ہے،نیز ایسے علمی اسفار نہ صرف تحقیق کے ذوق کو مہمیز دیتے ہیں،بلکہ نظریاتی تعلیم کو عملی تحقیق اور تاریخی حقائق سے قریب تر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان، صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز و ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ لینگویجز، جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے بزم تحقیق،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی جانب سے رام پور اور نینی تال کے تعلیمی دورے پر روانہ ہونے والے ریسرچ اسکالرس کے وفد کو رخصت کرتے ہوئے کیا۔ ا نہو ں نے کہاکہ شعبہ اسلامک اسٹڈیز ہمیشہ اس بات کا خواہاں رہا ہے کہ ریسرچ اسکالرس کو نظریاتی تعلیم کے ساتھ عملی تحقیق کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو مزید فروغ حاصل ہو۔
واضح رہے کہ اس علمی وفدنے بزم تحقیق کے مشیر ڈاکٹر محمد خالد خان، اسسٹنٹ پروفیسر،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی رہ نمائی میں نینی تال اور رام پور کی عالمی شہرت یافتہ رضالائبریری کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ریسرچ اسکالرز کومختلف موضوعات پر مشتمل اہم اور نایاب قلمی نسخوں اور تاریخی دستاویزات کے مطا لعے کا موقع ملا۔ وفد نے محمد علی جوہر یونی ورسٹی، رام پور کا بھی دورہ کیا ،جہاں روایتی علوم میں جدید تعلیمی نظام اور تحقیقی امکانات کے حوالے سے فکری تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دورے نے اسکالرس کو مخطوطات، بنیادی مآخذ اور تاریخی آرکائیوز کے مطالعے اور ان کے تحفظ کے حوالے سے عملی تجربہ فراہم کیا، جو یقیناً ان کی تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔اس تعلیمی دورے میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے اساتذہ ڈاکٹر خورشید آفاق، ڈاکٹر محمد مسیح اللہ، ڈاکٹر ندیم سحر عنبر ین کے علاوہ ریسرچ اسکالرز محمد اکرم، عبدالرزاق، محمد ثاقب، ملک محمود، ابو سالم یحییٰ، زاہد حمید، پنچو بی بی وفیقہ، نقشب نثار، ندا پروین،محمد حمزہ اورمحمد شہنواز(ایم اے)شامل تھے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *