Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگی ہی تعلیمی ارتقاء کی بنیاد ہے : پروفیسر اقتدار محمد خان

سویم معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کا موثر ذریعہ ہے : ڈاکٹر محمد مشتاق

شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں ”سویم“ سے متعلق معلوماتی نشست کا انعقاد

نئی دہلی، 31 جولائی(میرا وطن نیوز )

”ترقی یافتہ قوموں کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ وہ تدبر و تفکر اور مسلسل نظر ثانی کو اپنے تعلیمی نظام کی بنیاد بناتے ہوئے وقتاً فوقتاً اس کا جائزہ لیتی رہتی ہیں اور بدلتے ہوئے حالات، علمی تقاضوں اور معاشرتی ضروریات کے مطابق اس میں اصلاح و تجدید کا عمل جاری رکھتی ہیں۔ یہی رویہ کسی قوم کے علمی ارتقاء، استحکام اور ترقی کی ضمانت بنتا ہے۔“ ان خیالات کا اظہار پروفیسرڈاکٹر اقتدار محمد خان، صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز اور ڈین، فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ لینگویجز، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقد”سویم“ سے متعلق معلوماتی نشست کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ موجودہ تعلیمی منظر نامے میں ایسے جدید تعلیمی وسائل کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے، جو طلبہ کی علمی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مطالعہ کی طرف راغب کرنے میں معاون ہوں۔انہوں نے سویم کو اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ طلبہ میں علمی جستجو، مطالعہ اور مسلسل تعلیمی ارتقا کے رجحان کو فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔اس موقع پر شعبہ کے سینئر استاد ڈاکٹر محمد مشتاق نے ایم اے اور بی اے کے طلبہ و طالبات کو سویم کے اغراض و مقاصد اور اس کے طریقہ کار سے روشناس کراتے ہوئے بتایا کہ سویم حکومتِ ہند کی وزارتِ تعلیم کے زیر اہتمام قائم ایک قومی آن لائن تعلیمی منصوبہ ہے۔اس کا بنیادی مقصد معیاری تعلیم کو ہر طالب علم کی دسترس تک پہنچانا، اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا اور مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ملک کی ممتاز جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تیار کردہ مختلف مضامین اور تربیتی پروگرام دستیاب ہیں اور ان سے طلبہ اپنی تعلیمی ضرورت اور علمی دلچسپی کے مطابق استفادہ کر سکتے ہیں۔مزید برآں ہر مضمون کے لیے ویڈیو اسباق، مطالعاتی مواد، خود جانچ کے لیے مشقیں اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں فراہم کی جاتی ہیں، تاکہ طلبہ اپنی سہولت کے مطابق علم حاصل کر سکیں۔اس موقع پرڈاکٹر جاوید اختر نے طلبہ اور طالبات کی جانب سے سویم سے متعلق مختلف سوالات و استفسارات کے مدلل اورتسلی بخش جوابات دیے۔ اس پروگرام میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے جملہ اساتذہ کے علاوہ بی اے اور ایم کے طلبہ وطالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *