Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

جمعیت علماء ہندکے مشاورتی اجلاس میں دینی، ملی و تنظیمی امور پرہوا تفصیلی غور و خوض

مسجد تکیہ کالے خان میں ضلعی صدور و نظماء و مقامی یونٹس کے ذمہ داران کی شرکت

نئی دہلی، 22 ستمبر(میرا وطن نیوز)
جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے زیر اہتمام ضلعی صدور و نظماء، مقامی یونٹس کے ذمہ داران اور اراکین منتظمہ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس مسجد تکیہ کالے خاں، نئی دہلی میں صدرِ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی مولانا محمد قاسم نوری قاسمی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس صبح 9 بجے سے نمازِ ظہر تک جاری رہا، جس میں صوبہ دہلی کے مختلف اضلاع کی گزشتہ چھ ماہ کی کارگزاری کا جائزہ لینے کے ساتھ آئندہ کے تنظیمی منصوبوں اور اہداف پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ صدرِ اجلاس مولانا محمد قاسم نوری قاسمی نے جمعیۃ علماء کی دینی، ملی، اصلاحی اور تنظیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اخلاص، باہمی تعاون، نظم و ضبط، مشاورت اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ تنظیمی کاموں کو آگے بڑھا ئیں۔قاری عارف قاسمی نے باہمی تعلقات میں پیدا ہونے والی ذاتی شکایات کو ختم کرکے اخوت و محبت کا ماحول قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے لیے مستقل دفتر کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے دفتر کے لیے فلیٹ خریدنے کی غرض سے مختلف احباب سے مالی تعاون کے عزم بھی حاصل کیے۔
اجلاس میں مختلف اضلاع کے صدور و نظماء اور ذمہ داران نے اپنی اپنی کارگزاری پیش کی اور آئندہ کے منصوبوں سے مجلس کو آگاہ کیا۔ شرکاء نے تنظیمی سطح پر باہمی رابطے کو مضبوط بنانے، ذمہ داران کے درمیان اعتماد پیدا کرنے، مقامی یونٹس کو فعال کرنے اور مختلف شعبہ جات کی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا۔
جنوب مشرقی دہلی کے صدر مفتی حسام الدین نے اتحاد و اتفاق اور باہمی اعتماد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنظیمی کام میں کسی کو نظر انداز کرنے کے بجائے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ شمال مشرقی دہلی کے صدر مفتی شاہد قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے صدر اور اکابرین جب بھی دینی، ملی یا تنظیمی خدمت کے لیے آواز دیں گے، ذمہ داران ان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار رہیں گے۔ جمعیۃ شمالی دہلی کے صدرمولانا یوسف قاسمی نے اپنے ضلع کی کارگزاری پیش کرتے ہوئے مکاتب کے قیام اور دینی تعلیم کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔
مولانا نعیم قاسمی صدر جمعیۃ علماء جنوبی دہلی نے مختلف کمیٹیوں کو فعال بنانے اور اضلاع و شعبہ جات کی سطح پر متعلقہ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ مفتی نثار احمد الحسینی نے باہمی تعاون اور حسنِ سماعت کو مؤثر تنظیمی کام کے لیے ضروری قرار دیا، جبکہ قاری عبید اللہ جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء شمال مغربی دہلی نے ضلعی سطح پر ماہانہ مشاورتی نشستیں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ تنظیمی امور اور آئندہ کے لائح? عمل کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکے۔
دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے جنرل سیکریٹری قاری عبد السمیع نے کہا کہ تنظیم کی اصل قوت اس کے ذمہ داران ہیں۔مولانا رضوان وجے وہاڑ نے اپنے استاد کی نصیحت نقل کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری انسان کو چھوٹا نہیں بلکہ بڑا بناتی ہے۔ مفتی عبدالواحد نے صوبائی ارکان کی جانب سے دیے جا نے والے کاموں اور مشوروں میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ دہلی مفتی خلیل احمد قاسمی نے ضلع شاہدرہ کی تنظیمی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اسے ایک متحرک اور حساس ضلع قرار دیا۔ سکریٹری جمعیۃعلماء صوبہ دہلی مولانا جاوید صدیقی نے موجودہ ملکی و ملی حالات کے تناظر میں ذمہ داران کو حالات پر گہری نظر رکھنے اور اپنی دینی و ملی ذمہ داریوں کو بصیرت اور سنجیدگی کے ساتھ ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں مولانا محمد قاسم نوری قاسمی،مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، قاری عبدالغفار، مولانا اخلاق قاسمی، مفتی خلیل احمد قاسمی، قاری عارف قاسمی، مولانا آفتاب عالم صدیقی، مولانا عبدالسبحان قاسمی، مفتی اشر ف قاسمی، مفتی افتخار انجم مادی پور، مفتی عدنان حسینی، مولانا شاہ عالم، مفتی محمد اسحاق،، مفتی تبریز عالم قاسمی، مفتی محمد عاقل اسمی،مولانا فاروق اعظم مظاہری، مولانا حسین احمد قاسمی، مولانا محمد جمشید عالم، مولانا رضوان انجم قاسمی، مفتی محمد قاسم نعمانی، مولاناحامد حسن، مولانا ارشاد عالم، قاری عبید اللہ بوانہ، مفتی گلزار دہلوی قاسمی، مولانا محمد انصار الحق قاسمی، قاری محمد فیضان بلند شہری، مفتی احمد ارشد خان، مو لا نا شمیم، حافظ دانش، حافظ ثوبان، مفتی نوید، مولانا وسیم ندوی، مفتی نثار احمد قاسمی، مولانا کفایت اللہ، مفتی شفاعت کاظمی، مفتی عفان قاسمی، قاری وسیم قاسمی، مفتی محمد انتظار قاسمی، مولانا ارشد ندوی، مولانا رفیق عالم اور مفتی سلمان قاسمی سمیت 100 سے زائد ضلعی صدور، نظماء، اراکینِ منتظمہ اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔آخر میں قاری عبدالغفار کی دعائے خیر کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *