
نئی دہلی، 8 ستمبر (میرا وطن نیوز)
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کوایمس ٹراما سینٹر میں ستیہ نکیتن میں گرنے والی پی جی عمارت کے حادثے میں زخمی طلبہ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے انہیں تسلی دی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سرکار حادثے میں زخمی ہونے والے تمام طلبہ کے علاج کا پورا خرچ برداشت کرے گی۔ انہوںنے اہلِ خانہ سے طلبہ کی صحت اور علاج کی صورتِ حال سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اہلِ خانہ کو بھروسا دلایا کہ دہلی سرکاراس مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ طلبہ کے علاج و معالجے میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
ریکھا گپتانے ایمس کے معالجین سے زخمی طلبہ کی حالت اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج کی تفصیلی معلومات بھی لیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ شدید زخمی طلبہ کے علاج کے لیے ڈاکٹرو ں کی ٹیم مسلسل ان کی حالت کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوںنے معالجین کو ہدایات دیں کہ تمام زخمی طلبہ کو بہتر ین ممکنہ علاج اور ہر ضروری طبی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ علاج سے متعلق کسی بھی ضرورت میں سرکار ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے زخمی بچوں کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کی اور اہل خانہ سے حوصلہ برقرار رکھنے کی درخواست کی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایت بھی دی کہ جب تک حفاظت یقینی نہ ہو جائے، وہاں کسی بھی قسم کا تعمیراتی کام نہ کیا جائے اور مزدوروں کی جان خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں پر فوری روک لگائی جائے۔ دہلی میں شہریوں کے تحفظ کے معاملے میں کسی بھی سطح پر سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
No Comments: