
نئی دہلی،6 اگست(میرا وطن نیوز)
اردو اکادمی، دہلی کا شمار ملک کے ان ممتاز اور متحرک ادبی و ثقافتی اداروں میں ہوتا ہے جو کئی دہائیوں سے اردو زبان و ادب کے فروغ کے ساتھ اپنی شاندار ادبی روایات کو بھی تسلسل کے ساتھ زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ یومِ اساتذہ کے موقع پر منعقد ہونے والا یومِ اساتذہ کا مشاعرہ بھی اسی خوبصورت روا یت کی ایک اہم کڑی ہے۔اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے قمر رئیس سلور جبلی آڈیٹوریم میں یومِ اسا تذہ کے مشاعرے کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں درس و تدریس سے وابستہ شعرانے اپنی منتخب تخلیقات پیش کرکے محفل کو ادبی وقار اور شعری حسن سے آراستہ کیا۔
اس بامقصد مشاعرے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے علی رضا زیدی، سابق رکن مولانا آزاد ایجو کیشن فاﺅنڈیشن نے شرکت کی، جبکہ مشاعرے کی صدارت کی ذمہ داری پروفیسر خالد محمود، سابق صدرِ شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ادا کی۔ پروگرام کی ابتدائی نظامت سفیر صدیقی نے کی، جبکہ مشاعرے کی نظامت کے فرائض سلمان سعید نے انجام دیے۔
مشاعرے کے باقاعدہ آغاز سے قبل اردو اکادمی کے سینئر کارکنان محمد ہارون اور عزیر حسن قدوسی نے مہمانِ خصوصی علی رضا زیدی اور صدرِ مشاعرہ پروفیسر خالد محمود کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انھیں پودے پیش کیے۔ اس کے بعد مہمانِ خصوصی، صدرِ مشاعرہ اور تمام معزز شعرا نے مشترکہ طور پر شمع رو شن کرکے یومِ اساتذہ کے مشاعرے کا باضابطہ آغاز کیا۔اس موقع پر علی رضا زیدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یومِ اساتذہ کی اہمیت اور تعلیم و تربیت میں استاد کے بنیادی کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ صدرِ مشاعرہ پروفیسر خالد محمود نے مشاعرے کو معیاری اور کامیاب قرار دیتے ہوئے تمام شعرا کو مبار کباد پیش کی۔
مشاعرے میں پروفیسر خالد محمود،پروفیسر فاروق بخشی،پروفیسر خالد علوی،پروفیسر احمد محفوظ،پروفیسر کوثر مظہری،ڈاکٹر شبانہ نظیر،پروفیسر رحمٰن مصور،پروفیسر عفت زریں،اعجاز انصاری،ڈاکٹر وسیم راشد ،
پروفیسر احمد امتیاز،ڈاکٹر واحد نظیر،شہلا نواب،ڈاکٹر خالد مبشر،اختر اعظمی،ارشاد احمد ارشادنے اپنے اشعار سامعین کی خدمت میں پیش کیے۔خر میں اردو اکادمی، دہلی کے سینئر کارکن محمد ہارون نے مہمان خصوصی، صدرِ مشاعرہ، تمام معزز شعرا اور شرکائے محفل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
No Comments: