
نئی دہلی، 25 اگست (میرا وطن نیوز)
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) دہلی کے ایم ایس سی طالب علم رشی کیش کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ کا ا ظہار کرتے ہوئے معاملے کی غیر جانب دارانہ اور مقررہ مدت کے اندر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
کجریوال نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آئی آئی ٹی دہلی میں رشی کیش کی المناک موت کی خبر سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات مقررہ وقت میں مکمل ہونی چاہئیں اور طلبہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام خدشات کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 65 سے زائد آئی آئی ٹی طلبہ نے خودکشی کی ہے، جو انتہائی تشویشناک صورت حال ہے۔ کجریوال نے کہا کہ ملک کو آئی آئی ٹی کے تعلیمی معیار اور کامیا بیوں پر فخر ہے، لیکن تعلیمی فضیلت کا معیار صرف رینک، گریڈ اور کیمپس پلیسمنٹ تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔
No Comments: