Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

اردو زبان و ادب کے فروغ میں ٹیلی ویزن کا کردار’ پر مذاکرہ‘ کا انعقاد

مقررین نے ڈاکٹر محمد شمیم اختر کی کتاب کو معلومات کا ذخیرہ قرار دیا

نئی دہلی،24اگست (میرا وطن نیوز )
سوشل کیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام جامعہ نگر کے تسمیہ آڈیٹوریم میں ڈاکٹر محمد شمیم اختر کی کتاب ’اردو زبان و ادب کے فروغ میں ٹیلی ویڑن کا کردار‘ پر مذاکرہ کا انعقاد کیاگیا۔ تسمیہ سوسائٹی کے چیئرمین اور اردو زبان و ادب کی آبیاری و فروغ کے لیے ہمیشہ سرگرمِ عمل رہنے والے ڈاکٹر سید فاروق نے پروگرام کی صدارت کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر سید فارق نے ڈاکٹر محمد شمیم اختر کی کتاب کو معلومات کا ذخیرہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں کتاب لکھنا جگر کا کام ہے وہ بھی اردو زبان میں۔ انہوں نے موجودہ دور میں اردو زبان کے خدوخال کو بھی بیان کیا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی ماہنامہ آج کل کے سابق مدیر، خورشید اکرم نے ڈاکٹرمحمد شمیم اختر کی کتاب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کے ٹائٹل کو اس انداز میں رکھنا چاہئے تاکہ اسکولوں و کالجو ں میں اس کو شامل کیا جاسکے۔ مہمان ذی وقار ڈاکٹر سجاد سید نے کہا کہ ڈاکٹر شمیم اختر نے جس محنت و لگن کے ساتھ ٹیلی ویڑن میں اردو الفاظ کے استعمال پر کتاب مرتب کی ہے، وہ لائق تحسین ہیں۔
کتاب کے مصنف اور دردرشن نیوزسے وابستہ ڈاکٹر محمد شمیم اخترنے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کتاب ان کے لیے صرف ایک تحقیقی موضوع نہیں ہے بلکہ اس کتاب کے پیچھے ان کے بچپن کی یادیں، ان کی تعلیم، صحافت، ریڈیو اور ٹیلی ویڑن کے ساتھ دو دہائی سے بھی زیادہ مدت کی وابستگی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاید اسی لیے جب انہوں نے اردو اور ٹیلی ویزن کے تعلق پر غور کیا تو انہیں محسوس ہوا کہ ٹیلی ویڑن صرف تصویراور ویڈیو نہیں دکھاتا بلکہ آواز کو گھر گھر پہنچانے والا ذریعہ ہے اورحقیقت ہے کہ آواز کے ساتھ زبان بھی گھر گھر پہنچتی ہے۔اس موقع پرڈاکٹر محمد شمیم اختر نے علامہ اقبال کا ایک شعر بھی پڑھا: نہ زباں کوئی غزل کی، نہ زباں سے باخبر میں-کوئی دلکشا صدا ہو، عجمی ہو یا کہ تازی
انہو ں نے کہا کہ اقبال کے اس شعر میں ”دلکشا صدا” کا تصور انہیں ہمیشہ بہت متاثر کرتا رہا ہے۔ اورجب انہوں نے سوچا کہ آج کے دور میں وہ دلکشا صدا کیسے سب سے زیادہ لوگوں تک پہنچتی ہے تو انہیں جواب ملا۔۔۔ ٹیلی ویزن کے ذریعہ۔ ان کے مطابق یہی وہ مقام ہے جہاں سے ان کی کتاب کا اصل موضوع شروع ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جب اردو زبان و ادب کے فروغ کی بات کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں عموماً کتابیں، رسائل، اخبارات، مشاعرے اور ادبی محفلیں آتی ہیں۔ لیکن ٹیلی ویڑن وہ ذریعہ ہے جو بغیر کتاب کھولے، بغیر کلاس روم میں گئے اور بغیر کسی ادبی نشست میں شرکت کیے لوگوں تک زبان کو پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندی چینلوں میں اردو الفاظ کا استعمال اس بات کی مثال ہیں کہ اردو کے الفاظ آج صرف اردو بولنے والوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ ٹیلی ویڑن کے ذریعے ایک وسیع تر معا شر ے کا حصہ بن رہے ہیں۔
پروگرام میں اردو زبان و ادب کے خدمت گزار ڈاکٹر شعیب رضا وارثی، سینیر براڈکاسٹر اطہر سعید، دو ردرشن نیوز کے ایڈیٹر راشد جمال شمسی، نیوز 18 اردو کے اینکر وصال اعظم، ایشیا ٹائمز کے اشرف علی بستوی، خان رضوان، عبدالواحد وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پروگرام کا آغاز دوردرشن نیوز سے وابستہ محمد عرفان کی خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پروگرام کی نظامت دوردرشن نیوز کی اینکر ریشما فاروقی نے بحسن و خوبی انجام دیا۔ پروگرام میں دہلی اردو اکادمی کے محمد ہارون، معروف صحافی التجا عثمانی، عبدالنور شبلی (جامعہ نگر اپ ڈیٹ )، سوشل کیئر ٹر سٹ کے صدر مفیض الرحمن، دوردرشن نیوزکے محبوب الہی، صائمہ خان، خصال مہدی، ذ یشان احمد، محمد فیصل خان، کلیم احمد، خالد محبوب، عبد الحفیظ، تنویرعالم، عرفان، پی آئی بی کے لینگویج ایکسپر ٹ سبطین کوثر کے علاوہ معین خان، قمر محمد، منوررعنا، نوشاد احمد، نوید اور دیگرافراد نے شرکت کی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *