
نئی دہلی، 22 اگست (میرا وطن نیوز )
مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا (ایم ایس او) اور مسلم یوتھ آرگنائزیشن آف انڈیا (ایم وائی او) کے زیر اہتمام تنظیم علمائے اسلام دہلی کے اشتراک سے ’ہندوستانی قومیت اور ہندوستان قوم کی تعمیر میں مسلمانوں کا کردار‘ کے موضوع پر ایک اہم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وطن عزیز بھارت کی سماجی، قومی اور جمہوری تعمیر و ترقی میں ہندوستانی مسلمانوں کے کردار ، صوفی روایت، حب الوطنی، د ہشت گردی کے خلاف اسلامی تعلیمات اور قوم کی تعمیر میں بطور خاص نوجوانوں کی شمولیت جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں تقریباً 500 افراد نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز ایم ایس او کے قومی صدر ڈاکٹر شجاعت علی قادری کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخ ملک کی سماجی اور ثقافتی وراثت سے گہری وابستگی ہے۔مسلما ن صرف معاشرے کا حصہ نہیں بلکہ قوم کی تعمیر کے برابر کے شریک ہیں۔ ہندوستان ہمارے لئے صر ف رہائش کی جگہ نہیں بلکہ ہمارا وطن، ہماری مٹی، ہماری مشترکہ میراث اور ہماری آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے تعلیم، سماجی خدمت، قومی اتحاد اور مثبت سوچ کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
شعبہ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ارشد القادری نے ’ جنگ و تحریکِ آزادی میں صوفیاءکا کردار‘ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی صوفیاءنے سماجی اتحاد، قومی بھائی چارہ اور انسانی اقدار کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور تحریکِ آزادی کے دور میں بھی معاشرے میں حریت بیداری پیدا کرنے کا کام انجام دیا۔
سنی دعوتِ اسلامی راجستھان چیپٹر کے نگراں مولانا سید محمد رضوی قادری نے ’ اسلام میں ملک سے الفت و محبت کا تصور“ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت اور شہری فرائض کی ادائیگی اسلامی اخلاقی اقدار کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے لوگوں سے ملک کے اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وطن سے محبت کا پیغام پیش کیا۔
آل انڈیا تنظیم علماءاسلام کے چیئرمین مفتی اشفاق حسین قادری نے ”دہشت گردی کے بارے میں ا سلامی تعلیمات‘ کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا قتل، تشدد اور دہشت گردی اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے انتہا پسندی اور پرتشدد نظریات سے دور رہنے اور امن و انسانیت کے پیغام کو آگے بڑھانے کی اپیل کی۔ایم ایس او آف انڈ یا کے وائس چیئرمین مدثر اشرفی نے ’صوفیاءکی نظر میں ہندوستان کی حیثیت‘کے مو ضوع پر خطاب کر تے ہوئے ہندوستانی صوفی روایت میں مشترکہ ثقافت، باہمی احترام اور بھائی چارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کی نظامت ایم ایس او کے قومی صدر مولانا عارف واحدی اور ماہ نامہ کنز الایمان کے ایڈیٹر مولانا محمد ظفرالدین برکاتی نے مشترکہ طور پر کی۔ انہوں نے مختلف مقررین کے خیالات کو ایک مشتر کہ پلیٹ فارم پر پیش کرتے ہوئے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کی تعمیری اور مثبت شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس کے اجلاس میں بڑی تعداد میں جامعات کے طلبہ، نوجوانوں، سماجی کارکنان، ماہرینِ تعلیم، مذہبی علماءاور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی گوناگوں ثقافت، گنگا جمنی تہذیب اور مشترکہ وراثت کو مضبوط بنانا تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ایم ایس او اور ایم وائی او کے نمائندوں نے کہا کہ دونوں تنظیمیں مستقبل میں بھی تعلیم، سماجی ہم آہنگی، ملک و قوم کی تعمیر، نوجوانوں کو خود کفیل بنانے اور ہندوستانی صوفی روایت کی مثبت اقدار کو فروغ دینے کے لئے ایسے پروگرام منعقد کرتی رہیں گی۔
No Comments: