
نئی دہلی، 20 اگست (میرا وطن نیوز )
انٹیگریٹیڈ میڈیکل ایسوسی ایشن اور آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی مشترکہ میٹنگ دریاگنج میں زیر صدا ر ت سابق چیئرمین دہلی بھارتیہ چکتسا پریشد (ڈی بی سی اے ) ڈاکٹر آر ایس چوہان منعقد ہوئی۔ جس میں سرکردہ آیوروید اور یونانی ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرنے والوں میں ڈا کٹر رمن کھنہ، ڈاکٹر رام پھل پنچال، ڈاکٹر کے کے سنگھل، ڈاکٹر سیداحمد خاں، ڈاکٹر شکیل احمد میرٹھی ، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر فیضان احمد صدیقی، ڈاکٹر مفتی جاوید انور، ڈاکٹر خورشید عالم وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
میٹنگ میں ڈی بی سی پی کے انتخابات و آیوروید اور یونانی طریقہ علاج کی صورتحال پر سیرحاصل گفتگو کی گئی، خاص طور سے ڈی بی سی پی جو گزشتہ تقریباً دس سال سے تحلیل ہے اور تشکیل کے لیے عدالت عالیہ کی ہدایت کے باوجود تاخیر ہونا سمجھ سے باہر ہے۔ اس سلسلے میں ایک اور بڑی ہنگامی میٹنگ بلائے جانے پر بھی غور کیا گیا۔ میٹنگ میں آیوروید اور یونانی کی معیاری دواسازی کے مقصد سے مرکزی سرکا ر کے تحت قائم ادارہ آئی ایم پی سی ایل کے فروخت پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ عوام کا بھروسہ پانے کے لیے معیاری دواسازی لازمی ہے اور یہ ذمہ داری مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی ہے کہ وہ معیاری دواسازی کو یقینی بنائیں۔ میٹنگ کے اخیر میں ممتاز مجا ہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خاں کے آدرشوں کو اپنانے اور آپس میں ایکتا بنائے رکھنے کا عزم کیا گیا ۔ تمام شرکاءکا شکریہ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے نیشنل کو آرڈی نیٹر اسرار احمد اجینی نے ادا کیا۔
No Comments: