
شہاب الدین
نئی دہلی، 8 جولائی(میرا وطن نیوز )
دہلی سرکار نے راجدھانی میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے لیے مضبوط اور قابل بھروسہ چار جنگ نیٹ ورک تیار کرنے کے لیے جامع ایکشن پلان کی تیاری شروع کی ہے۔ دہلی سکریٹریٹ میں بدھ کونئی ای وی پالیسی پر اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی میں ای وی چار جنگ اسٹیشنوں کی تعداد کو موجودہ 9ہزارسے بڑھا کر اگلے4 سال میں تقریباً 32ہزار کرنے کے سرکار کے سنجیدہ عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مناسب فراہمی، مناسب جگہوں کی دستیابی اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان موثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ اس کا بنیا دی مقصد راجدھانی میں جدید، تیز رفتار اور آسانی سے قابل رسائی ای وی چارجنگ نیٹ ورک تیار کرنے کے لیے ایک عملی حکمت عملی وضع کرنا تھا۔وزیر اعلیٰ نے افسروں سے چارجنگ اسٹیشنوں کے لیے درکار بجلی کی فراہمی سمیت دیگر امور کی تیاری کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کیں۔
انہوں نے کہاکہ چارجنگ سٹیشنوں کی توسیع کو صرف سائٹ کے انتخاب تک محدود نہیں رکھا جا سکتا۔ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ان کے بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشن کے لیے اتنا ہی اہم ہے۔ شمسی توا نا ئی سے چلنے والے چارجنگ اسٹیشنوں کی ترقی پر خصوصی زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس سے صاف اور پائیدار توانائی کے متبادل کو فروغ ملے گا۔
No Comments: