
نئی دہلی، 4 جولائی(میرا وطن نیوز)
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ہفتہ کو پالم اسمبلی حلقہ کے اندر دوارکا سیکٹر-7 میں ایئر فورس اور نیول آفیسرز انکلیو میں 500 کلو واٹ کے سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا۔ یہ پلانٹ صاف اور قابل تجدید توانائی کا استعمال کرتے ہوئے معاشرے کے تقریباً 375 گھرانوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرے گا۔ یہ دہلی میں سبز توانائی کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم بھی ہے۔اس موقع پر جنوبی دہلی کے ایم پی رام ویر سنگھ بدھوڑی، پالم کے ایم ایل اے کلدیپ سولنکی، سابق ایم ایل اے دھرم دیو سولنکی سمیت متعدد سرکردہ شہری اور عہدیدار موجود تھے۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی سرکار مرکزی اور دہلی سرکار کی اسکیموں کے ذریعہ گھریلو صارفین کو 1 لاکھ سے زیادہ کی مشترکہ سبسڈی فراہم کرکے چھت پر شمسی توانائی کو اپنانے کی ترغیب دے رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بجلی کے بلوں کو کم کرنے کے لیے شمسی توانائی کو اپنائیں اور ما حو لیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ 500 کلو واٹ سولر پاور پلانٹ راجدھانی کے سب سے بڑے رہائشی شمسی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ تقریباً 2 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے اس پروجیکٹ کو مرکزی سرکار سے 90 لاکھ اور دہلی سرکار سے 10 لاکھ کی سبسڈی ملی ہے۔ اس کے نفاذ کے ساتھ، انکلیو کا ماہانہ بجلی کا خرچ تقریباً 12 لاکھ سے کم ہو کر 6 لاکھ رہ جائے گا، جس کے نتیجے میں تقریباً 72 لاکھ کی سالانہ بچت ہوگی۔
No Comments: