Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

مودی سرکارکےلئے ملک ایک تجربہ گاہ، اب عوام پر زبردستی 20فیصد ایتھانول ملا پٹرول مسلط :کجریوال

پہلے مرکزی سرکار نے سپریم کورٹ میں کہا کہ یہ صرف ایک تجربہ ہے، بعد میں اپنے بیان سے مکر گئی

ملک بھر میں لوگ بڑے پیمانے پر اس کی مخالفت کر رہے ہیں،نافذ سے پہلے تجربہ کیا جانا چاہئے تھا

نئی دہلی، 3جولائی(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے عوام پر زبردستی( E-20)پٹرول نافذ کیے جانے پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے لیے پورا ملک ایک تجربہ گاہ بن چکا ہے ۔ اب سرکار عوام پر زبردستی 20فیصد ایتھانول ملا ہوا پٹرول مسلط کر رہی ہے، جبکہ ایتھانول کی وجہ سے گاڑیاں بند ہو رہی ہیں، ان کے پرزے خراب ہو رہے ہیں اور مائلیج بھی تقریباً 30فیصد کم ہو رہا ہے ۔ اس وجہ سے ملک بھر کے عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ اگر گاڑیوں کی مائلیج 30فیصد کم ہو رہی ہے تو ایتھانول ملا پٹرول بھی 30فیصد سستا ہونا چاہیے۔
اروند کجریوال نے سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرکزی سرکارکے اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ یہ صرف ایک تجربہ ہے، لیکن بعد میں مرکزی سرکاراپنے اس بیان سے مکر گئی اور کہا کہ اس نے ایسا کچھ نہیں کہا۔ انہو ں نے کہا کہ اگر یہ واقعی ایک تجربہ تھا تو اسے چند سو یا چند ہزار گاڑیوں پر کیا جانا چاہیے تھا اور اس کے نتائج کی بنیاد پر فیصلہ کیا جانا چاہیے تھا کہ اسے پورے ملک میں نافذ کیا جائے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ای-20پٹرول کے معاملے پر وزیر اعظم کو ایک خط لکھیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کمنٹس یا ڈائریکٹ میسج ڈی ایم کے ذریعے بتائیں کہ اس خط میں کن نکات کو شامل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر یہ کیسا تجربہ ہے؟ تجربہ تو اس وقت ہوتا ہے جب کسی چیز کو پہلے 50، 100 ، 500یا 1000گاڑیوں پر آزمایا جائے اور پھر اس کے نتائج کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے کہ اسے پور ے ملک میں نافذ کرنا ہے یا نہیں۔ لیکن یہاں تو ملک کے 140کروڑ عوام کی تمام گاڑیوں پر ایتھانو ل ملا پٹرول لازمی کر دیا گیا ہے اور اب کہا جا رہا ہے کہ یہ ایک تجربہ ہے۔ اگر اس کے نتیجے میں لوگوں کی گاڑیاں خراب ہو رہی ہیں تو کیا سرکار انہیں اس کا معاوضہ دے گی؟ اروند کجریوال نے کہا کہ ملک بھر میں لوگ بڑے پیمانے پر اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی اوسط مائلیج میں تقریباً 30 فیصد کمی آ گئی ہے، لیکن سرکار اس حقیقت کو ماننے سے انکار کر رہی ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *