
نئی دہلی، یکم جولائی (میرا وطن نیوز)
دہلی سرکار نے سردیوں کے موسم میں فضائی آلودگی سے مو ¿ثر انداز میں نمٹنے کے لیے بدھ کو سرمائی آلو دگی ماسٹر منصوبے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ماحولیات و جنگلات کے محکمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ منصوبہ یکم نومبر سے 28 فروری تک نافذ رہے گا۔ اس کے تحت یکم نومبر سے دفاتر میں 50 فیصد ملازمین گھر سے کام کریں گے، جبکہ پارکنگ فیس دوگنی کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ یکم نومبر سے 31 جنوری تک انہدام اور کھلے عام سول تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ نے بدھ کوجاری ایک بیان میں کہا کہ دہلی میں ہر سال سردیوں کے دوران فضائی معیار شدید متاثر ہوتا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں کے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ نومبر سے فروری کے درمیان آلودگی کی سطح مسلسل بڑھتی ہے۔ اسی چیلنج کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی سرکار نے اب ایک مستقل نظام نافذ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی پر مو ¿ثر قابو پانے کے لیے اب پورے سال دہلی کے تمام پٹرول، ڈیزل، قدرتی گیس اور مائع گیس کے ایندھن مراکز پر صرف انہی گاڑیوں کو ایندھن فراہم کیا جائے گا جن کے پاس آلودگی پر قابو رکھنے کا درست سرٹیفکیٹ موجود ہوگا۔ جن گاڑیوں کے پا س یہ درست سرٹیفکیٹ نہیں ہوگا اور وہ ایندھن لیتے ہوئے پائی جائیں گی، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یکم نومبر سے 31 جنوری تک دہلی سے باہر رجسٹرڈ چھٹے درجے کے اخراجی معیار سے کم درجے کی تمام موٹر گاڑیوں کے دہلی میں داخلے اور چلانے پر پابندی رہے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یکم نومبر سے 28 فروری تک مجاز پارکنگ مقامات پر پارکنگ فیس دوگنی کر دی جا ئے گی تاکہ لوگ نجی گاڑیوں کے بجائے عوامی نقل و حمل کا زیادہ استعمال کریں۔ تاہم، دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے زیرِ انتظام پارکنگ مقامات، جو عوامی نقل و حمل اور پارک اینڈ رائیڈ سہولت فراہم کرتے ہیں، اس فیصلے سے مستثنیٰ رہیں گے۔ اسی طرح، مصروف اوقات میں ٹریفک کا دباو ¿ کم کرنے کے لیے یکم نومبر سے 28 فروری تک دہلی میونسپل کارپوریشن کے دفاتر صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک، جبکہ دہلی حکومت کے دفاتر صبح دس بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک کھلے رہیں گے، تاکہ تمام ملازمین ایک ہی وقت میں سڑکوں پر نہ نکلیں اور ٹریفک کا دباو ¿ کم ہو۔
وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ یکم نومبر سے 31 جنوری تک دہلی سرکار اور نجی دفاتر میں ایک وقت میں صرف 50 فیصد ملازمین دفتر میں کام کریں گے، جبکہ باقی ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ نجی اداروں کو بھی مختلف اوقاتِ کار نافذ کرنے، گھر سے کام کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنانے، اور کار پولنگ، مشترکہ سفر، عوامی بسوں اور دیگر عوامی نقل و حمل کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ دفاتر آنے جانے والی گاڑیوں کی تعداد کم ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہر سال یکم نومبر سے 31 جنوری تک گرد و غبار پیدا کرنے والی انہدامی کارروائیوں اور کھلے عام سول تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، تاہم ضروری عوامی بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کو اس پابندی سے استثنا حاصل ہوگا۔
No Comments: