
نئی دہلی، 23 جون(میرا وطن نیوز )
دہلی سرکار نے راجدھانی کے کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کی صحت کو لے کر اہم فیصلہ لیا ہے۔وز یر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کورجسٹرڈ تعمیراتی کارکنوں اور ان کے خاندانوں کی صحت کی حفاظت کے لیے ’دہلی بلڈنگ اینڈ کنسٹرکشن ورکرز ہیلتھ اسکیم‘ کو منظوری دی۔ اس اسکیم کے تحت تقریباً 10 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گاجن میں تقریباً 2.70 لاکھ رجسٹرڈ تعمیراتی کارکنان اور ان کے خاندان شامل ہیں ۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیم کے تحت رجسٹرڈ تعمیراتی کارکنوں اور ان کے اہل خاندان بشمول میا ں بیوی، بچے اور والدین کو فہرست میں شامل اسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعہ مفت صحت کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ہر رجسٹرڈ ورکر پینل میں شامل ہسپتالوں میں 2 لاکھ تک کے طبی علاج کا حقدار ہو گا، جبکہ ایک خاندان کے لیے حد 10 لاکھ تک ہو گی۔ علاج کا پورا عمل کیش لیس ہوگا۔
اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ ورکرز اور ان کے شریک حیات کا سالانہ ہیلتھ چیک اپ بھی ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی مفت او پی ڈی اور آئی پی ڈی کی دیکھ بھال، تشخیصی اور لیبارٹری کی سہولیات، ہنگامی طبی امداد ، ریفرل خدمات، اور تعمیراتی مقامات اور کارکنوں کی آبادی والے علاقوں میں موبائل میڈیکل یونٹ کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال جیسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق استفادہ کنندگان کے لیے ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ بنائے جائیں گے، اور سروس کی نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید بینیفشری ٹریکنگ سسٹم تیار کیا جائے گا۔ مزید برآں، کارکنوں کی مدد کے لیے 24×7 ٹول فری ہیلپ لائن چلائی جائے گی۔ سرکار کو اس اسکیم پر تقریباً 200 کروڑ روپے کا سالانہ خرچ آنے کی امید ہے۔
No Comments: